پیک کے تحت بھکرمیں سکولوں کے سالانہ امتحانات کی تواریخ کااعلان کردیاگیا

جماعت پنجم کے امتحانات یکم فروری،ہشتم کے 10فروری کوشروع ہوں گے ضلع بھرکے تمام امتحانی مراکزمیں شفاف انعقادکویقینی بنائیں،کنڑولرپیک کامتعلقہ نگرانوں اورذمہ داران کوہدایت

جمعہ 22 جنوری 2016 22:09

بھکر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء)پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے سالانہ امتحانات کا شفاف انعقاد یقینی بنایاجائے گا۔ ضلع بھر میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے 39614طلبا و طالبا ت امتحانات دیں گے ۔ یہ بات ای دی او ایجوکیشن ملک محمد اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر کنٹرولر (پیک )امتحانات محمود حسین ملک ڈی ای او ایلیمنٹری اور رجسٹرا ر محکمانہ امتحانات شعبہ تعلیم ملک حسنین حیدر کھرل بھی موجود تھے ۔

ای ڈی او نے کہا کہ پنجاب ایگز امینشن کمیشن کے جماعت پنجم اور ہشتم امتحانات کے سلسلہ میں پیک کے زیر اہتمام چاروں تحصیل ہیڈکوارٹروں پرہونے والی سپریٹنڈنٹس ،ریذیڈنٹ انسپکٹرز اور کلسٹر ہیڈز کی ٹریننگ آج اختتام پذیر ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں جماعت پنجم کے 120اور جماعت ہشتم کے 100امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں پر جماعت پنجم کے 22446اور جماعت ہشتم کے 17168طلبا و طالبات امتحانات دیں گے ۔

انہوں نے مز ید کہا کہ پیک کے شیڈول کے مطابق جماعت پنجم کے امتحانات کا آغاز یکم فروری 2016سے ہو گا ۔ یکم فروری کو سائنس ، 3فروری کو اردو،4فروری کو اسلامیات ،6فروی کو انگلش اور 8فروری کو ریاضی کا پیپر ہو گا جبکہ جماعت ہشتم کے امتحانات کا آغاز 10فروری کو ہو گا ۔10فروی کو سائنس ،12فروری کو اردو،13فروری کو اسلامیات ، 15فروری کو انگلش اور 17فروری کو ریاضی کا پیپر ہو گا ۔

تمام پیپرز دن 11بجے شرو ع ہوں گے اور ڈیڑھ بجے ختم ہوں گے جبکہ ریاضی کے پیپر میں 15منٹ اضافی دیئے جائیں گے اس طرح ریاضی کا پیپر 1بج کر 45منٹ پر ختم ہو گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں کوئی کو تاہی ،بدنظمی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، امتحانات کی موثر مانیٹرنگ کے ذریعے اس کا شفاف انعقا د یقینی بنایا جائے گا ۔