علماء کرام کی کمشنر کراچی سے ملاقات، انسداد پولیو مہم میں تعاون کی یقین دہانی

پولیو کے قطرے پلانا نیک کام ہے،تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ پولیو ٹیموں کو اپنے بچوں تک رسائی دیں، علماء

پیر 8 فروری 2016 22:57

کراچی ۔ 8 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے کمشنر کراچی سید آصف حید ر شاہ کو انسداد پولیو مہم میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا نیک کام ہے، اس لئے تمام مسلمانوں کا یہ فرض ہے کہ پولیو سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے پولیو ٹیموں کو اپنے بچوں تک رسائی دیں اور اس نیک کام میں ان کا ساتھ دیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق علماء کرام نے کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ سے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی کی حساس یونین کونسلوں سمیت مختلف یونین کونسلوں مین پولیو کے قطرے پینے سے رہ جا نے والے اور انکار کرنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی کوششوں کو بار آور کرانے کے لئے مشاورت کی گئی اور اس سلسلہ میں والدین کا تعاون حا صل کر نے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 15 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تفصیلات سے علماء کرام کو آگاہ کیا گیا اور مہم کی کامیابی کے لئے ان کے تعاون سے کام کر نے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو مہم میں رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، اس سلسلہ میں تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں کے علماء کرام سے رابطہ کو مضبوط بنائیں گے اور ان کی مشاورت سے کام کریں گے۔

کمشنر کراچی نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے علماء کرام کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک کے بچوں کے مستقبل اور ان کے صحت کی حفاظت کی خاطر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کا وقار وابستہ ہے، اس کے خاتمہ کے لئے قومی جذبہ سے کام کر نے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل اسلامک ایڈوائزری گروپ کا اگلا اجلاس کراچی میں ہوگا۔

ملاقات میں مولانا عمر صادق، زبیرعثمانی ( جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی)، محمود محمد (جامعہ ستاریہ)، طارق محمو مدنی (پاکستان امن کونسل)، مفتی سید حسین احمد ( جامعہ دارالعلوم کراچی)، احمد الرحمان ( جامعہ دارلخیر)، اکرام اللہ خان (بنوری ٹاؤن) ڈاکٹر نصیر الدین سواتی (جامعہ اسلامیہ محمودیہ) ڈاکٹر نثار احمد کنڈی (جامعتہ الرشید، احسن آباد) شیخ زید اسلامک سینٹر، جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہتاز اور دیگر شامل تھے۔ کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :