گورنمنٹ مڈل اسکول کلی لعل آباد محمد حسنی ہزارگنجی میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کا مطالبہ

جمعرات 10 مارچ 2016 13:29

کوئٹہ۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) گورنمنٹ مڈل اسکول کلی لعل آباد محمد حسنی ہزارگنجی میں اساتذہ کی کمی دور کی جائے،کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی لعل آباد محمد حسنی ہزارگنجی کے قبائلی وسماجی رہنماؤں ٹکری حاجی عبدالمجید ، عطاء اللہ محمد حسنی، رئیس علی بخش ، محمد عالم محمد حسنی، محمد اسلم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کلی لعل آباد محمد حسنی کی اپ گریڈیشن کرکے اسکول کو مڈل کا درجہ دیاجو صوبائی حکومت کی جانب سے خوش آئند اقدام ہے،انہوں نے کہا کہ سکول میں 200 سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ اسکول میں صرف 5 اساتذہ ہے جس سے طالب علموں کو حصول تعلیم میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اوراساتذہ کی کمی کی وجہ سے انکا نصاب بھی مکمل نہیں پڑھایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ ، ڈائریکٹر ایجوکیشن سید محمد انور شاہ، ای ڈی او ایجوکیشن کوئٹہ مطیب آفریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کلی لعل آباد محمد حسنی میں علاقے کی آبادی اور طلباء کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ علاقے کے زیادہ سے زیادہ طلباء تعلیم کے حصول کیلئے اسکول میں داخلہ لے سکیں اور علاقے میں شرح خواندگی میں اضافہ اور بلوچستان سے جہالت کا خاتمہ ہوسکیں۔