بفلوریسرچ انسٹیٹیوٹ پتوکی میں بھینس میلہ کاانعقاد،13لاکھ روپے کے نقدانعامات تقسیم کئے گئے

منگل 22 مارچ 2016 22:31

لاہور۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 مارچ۔2016ء) محکمہ لائیوسٹاک اوربفلوبریڈرزایسوسی ایشن کے زیراہتمام بھینس دودھ میلہ 2016کاانعقادہوا ۔ پنجاب کے 400سے زائد بھینس پال مویشی پال حضرات کی بھینسوں کے مابین مقابلہ دودھ اورمقابلہ حسن ہوا۔ میلے کی اختتامی تقریب میں محمود انورچوہدری ایم پی اے پتوکی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ڈاکٹرمحمدنوازسعید ڈائریکٹرجنرل(توسیع)،ڈاکٹرمقصود اخترچیف ریسرچ آفیسر،ڈاکٹرعبدالرحمٰن شیخ ڈائریکٹربریڈامپروومنٹ، ڈاکٹرمنصوراحمد ڈائریکٹرسمال ریومیننٹس اورڈاکٹراسرارحسین چوہدری ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن موجود تھے۔

بفلوبریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی سعیدحسن ہوتیانہ کے ہمراہ ایسوسی ایشن کے ممبران نے بھی بھرپورشرکت کی۔

(جاری ہے)

چارروزہ بھینس میلہ میں مجموعی طورپر13لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے۔ چوہدری نذیراحمد گجرضلع فیصل آباد کی بھینس نے 47.565کلوگرام دودھ دے کر اوّل پوزیشن حاصل کی اورمبلغ 2لاکھ روپے نقد،ٹرافی اورتعریفی سند حاصل کی۔ محمدآصف خان چک نمبر 209فیصل آباد کی بھینس نے 47.510کلوگرام دودھ دے کر دوسری پوزیشن اور 1لاکھ روپے نقد انعام حاصل کئے جبکہ چوہدری نذیراحمد گجراسلام پورہ فیصل آباد کی ہی بھینس نے 44.130کلوگرام دودھ دے کر تیسری پوزیشن اور50ہزارروپے انعام حاصل کیا۔

میلے میں دودھ دینے والی بھینسوں کے مقابلہ حسن میں راناجاویداقبال سکنہ فیصل آباد کی بھینس نے اوّل انعام مبلغ75ہزارروپے جبکہ بھینسوں میں دودانت جھوٹی کی کیٹیگری میں علی عمران رتھ سکنہ پاکپتن نے اوّل پوزیشن اورکھیری جھوٹیوں کے مقابلہ حسن میں رانا شکیل کی جھوٹی نے پہلاانعام جیت لیا۔ اسی طرح نسل کشی کے سانڈوں کے مقابلہ حسن میں چوہدری آفتاب احمد چیمہ سکنہ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے یہ مقابلہ جیت کر 75ہزارروپے اور دودانت کٹڑوں کے مقابلہ حسن میں راناجاوید اقبال سکنہ فیصل آباد جبکہ کھیرے کٹڑوں کامقابلہ حسن سردارمحمدآصف کے کٹڑے نے جیت لیا۔

جبکہ حاملہ بھینسوں کے مقابلہ حسن میں راناالیاس سکنہ فیصل آباد کی بھینس پہلی پوزیشن پررہی۔ اختتامی تقریب میں ناچنے والی بکریوں کی پریڈ نے شائقین کے دل موہ لئے۔ ڈاکٹرمحمدنوازسعید ڈائریکٹرجنرل (توسیع)نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میلے کامقصد مویشی پال حضرات میں اعلیٰ صلاحیت کے جانوروں کی افزائش کے جذبے کو اجاگرکرنا ہے۔

حاجی سعید حسن ہوتیانہ صدر پنجاب بفلوبریڈرز ایسوسی ایشن نے کہاکہ حکومت کو خشک دودھ کی درآمد پرپابندی لگانی چاہئے تاکہ مویشی پال حضرات کو انکی مصنوعات کی مناسب قیمت مل سکے۔ محمود انورچوہدری ایم پی اے پتوکی نے کہاکہ مجھے آج اس میلے میں شرکت کرکے فیصل آباد،پاکپتن اوردوردراز سے حصہ لینے والے مویشی پال حضرات کے جذبہ افزائش حیوانات کااحساس ہواہے۔

میں اس میلے میں شرکت کرنے والے تمام اوربالخصوص انعامات جیتنے والے مویشی پال حضرات کومبارکباد دیتاہوں۔ ڈاکٹرمقصوداختر ، ڈاکٹرانتظاراحمدخان اس شاندار تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ آخرمیں مہمان خصوصی نے جیتنے والے مویشی پال حضرات میں نقد انعامات،ٹرافیاں اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر مویشی پال حضرات اور دیگرفارماسیوٹیکل کمپنیوں نے رہنمائی سٹالز بھی لگائے۔