پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کااجلاس،پی آئی اے کی مشروط نجکاری کی حمایت کا فیصلہ

پیر 11 اپریل 2016 15:11

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کااجلاس پیرکو قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی مشروط نجکاری کی حمایت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ 49 فیصد سے زائد شیئرز فروخت نہیں کئے جائیں گے۔

انتظامی اختیارات حکومت اپنے پاس رکھے گی۔ ملازمین کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات فوری طور پر ختم کرنے کی حکومت یقین دہانی کرائے گی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے سینئر شبلی فراز اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر کہا گیا کہ پی آئی اے ایک قومی اثاثہ ہے جس کو اگر فروخت کرنا مقصود ہے تو اس کی بحالی کیلئے اقدامات ٹھوس بنیادوں پر ہونے چاہئیں اور قطعی طور پر پی آئی اے کے 49 فیصد سے زیادہ حصص کی نجکاری نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کے اکثریتی حصص کی ملکیت اپنے پاس رکھتے ہوئے انتظامی اختیارات اپنے پاس رکھے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ احتجاج کرنا ہر شہری اور سرکاری ملازم کا حق ہے حکومت نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج کے حوالے سے ان کے خلاف قائم کئے گئے تمام مقدمات فوری طور پر واپس لئے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے امور پارلیمنٹ میں زیربحث لائے جائیں گے اور اس معاملہ کو بھرپور طریقہ سے ایوان میں اٹھایا جائے۔