دبئی میں غیر تجارتی علاقوں کے پارکنگ زونز میں ایم پارکنگ کیلئے نئے "سی" اور "ڈی" کوڈز کا اجراء

muhammad ali محمد علی بدھ 20 اپریل 2016 19:55

دبئی میں غیر تجارتی علاقوں کے پارکنگ زونز میں ایم پارکنگ کیلئے نئے ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل۔2016ء) دبئی میں غیر تجارتی پارکنگ کے علاقوں میں ایم پارکنگ کیلئے نئے "سی" اور "ڈی" کوڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں ایس ایم ایس کے ذریعے پارکنگ فیس ادا کرنے والوں کیلئے ایم پارکنگ کے نئے "سی" اور "ڈی" کوڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔ ان نئے پارکنگ کوڈز کا اجراء غیر تجارتی پارکنگ کے علاقوں کیلئے کیا گیا ہے۔

ان غیر تجارتی پارکنگ علاقوں میں نئے کوڈز کیساتھ سائن بورڈز لگا دیے گئے ہیں۔ سڑکوں اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک بیان کے مطابق نئے پارکنگ کوڈ "سی" اور "ڈی" کو غیر تجارتی پارکنگ کے علاقوں میں چالو کر دیا گیا ہے۔ موبائل اور ایس ایم ایس پارکنگ سسٹم نے ان نئے کوڈز کو الوصل، النہدا، القوز اور ہور العنز کے علاقوں میں پارکنگ فیس کی ادائیگی کیلئے قبول کرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پارکنگ کی مشینیں استعمال کرنے والے کسی بھی پریشانی کے بغیر پارکنگ کی فیس کی ادائیگی کیلئے سکے اور کارڈ کا استعمال کرنے کا عمل جاری رکھ سکتے ہیں۔ جبکہ تمام موجودہ موسمی پارکنگ کارڈ کارڈز کے ختم ہونے کی تاریخوں تک ان کی اقسام کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ سڑکوں اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ "اے" کیٹیگری کے موسمی پارکنگ کارڈز رکھنے والے افراد ان کارڈز کو "اے"، "بی"، "سی" اور "ڈی" کیٹیگری کے تمام زونز میں استعمال کر سکتے ہیں۔

جبکہ "بی" کیٹیگری کے موسمی پارکنگ کارڈز رکھنے والے افراد ان کارڈز کو زون "بی" کے علاوہ زون "ڈی" میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ دبئی میں پارکنگ کوڈز کو پارکنگ سسٹم کی تنظیم نو کے سلسلے میں نئے سرے سے ترتیب دیا جا رہا ہے۔ نئے پارکنگ سسٹم میں پارکنگ زونز کو تجارتی اور غیر تجارتی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تجارتی علاقوں میں سڑکوں کے کنارے پارکنگ کیلئے "اے" کیٹیگری کے کوڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ تجارتی علاقوں میں موجود مخصوص پارکنگ زونز کیلئے "بی" کیٹیگری کے کوڈز مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب غیر تجارتی علاقوں میں سڑکوں کے کنارے پارکنگ کیلئے "سی" کیٹیگری کے کوڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ غیر تجارتی علاقوں میں مخصوص پارکنگ زونز کیلئے "ڈی" کیٹیگری کے کوڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان تمام پارکنگ زونز میں پارکنگ فیس کی ادائیگی، سکوں، مخصوص پارکنگ کارڈز، ایس ایم ایس اور سڑکوں اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی موبائل ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔