ضلع وسطی گلبرگ زون میں سرکاری سکولوں میں قومی داخلہ مہم کا آغاز

منگل 26 اپریل 2016 15:11

کراچی ۔ 26 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اپریل۔2016ء) سندھ کے سرکاری سکولوں میں قومی داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو کی ہدایت پر صوبے کے مختلف اضلاع کے سرکاری سکولوں میں قومی داخلہ مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت آزمائشی طور پر کراچی میں ضلع وسطی کا انتخاب کیا گیا ہے۔

تعلقہ ایجوکیشن آفیسر گلبرگ (مردانہ) نے صدر مدرسین کا اجلاس گورنمنٹ دہلی سکول کریم آباد میں طلب کیا۔ قومی داخلہ مہم کے سلسلے میں سید نواز علی شاہ جیلانی تعلقہ ایجوکیشن آفیسر کو ضلع وسطی کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید نواز علی شاہ جیلانی نے صدر مدرسین کو سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے کا ٹاسک دیا اور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں صدر مدرسین طلباء کے ہمراہ اسمبلی کے بعد علاقے میں تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، قومی داخلہ مہم کے نتائج کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے مانیٹرنگ کمیٹیاں سکولوں کے دورے کریں گی اور کم انرولمنٹ والے سکولوں سے زائد اساتذہ کو سبکدوش کر کے زیادہ انرولمنٹ والے سکولوں میں تعینات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 30 طلبہ پر ایک ٹیچر کی تقرری کیلئے سیکرٹری تعلیم نے قلم نامہ جاری کیا ہے، جس پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے مہم کو کامیاب بنانے کیلئے یوسی سطح پر چیئرمینوں سے تعاون حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس کے آخر میں انہوں نے اساتذہ کے زیر التواء ٹائم سکیل اور ٹیچنگ الاؤنس کی بحالی کا بھی اعلان کرتے ہوئے فوری فائلیں جمع کرانے کی ہدایات دی ہیں۔