لاہور پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے

اسٹیج اور پنڈال کی وقفے وقفے سے سویپنگ کی جاتی رہی، اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا

اتوار 1 مئی 2016 16:25

لاہور پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔01 مئی۔2016ء) دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ،مرکزی اسٹیج اور پنڈال کی وقفے وقفے سے سویپنگ کی جاتی رہی جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں رش والے مقامات پر تحریب کاری کے تھریٹ الرٹ کے باعث حکوت کی ہدایت پر پولیس نے پی ٹی آئی کے مال روڈ پر منعقدہ جلسے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظاما ت کئے ۔

صبح سے ہی مختلف راستوں کو بیرئیرز اورکنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پنڈال سے ملحقہ چھوٹی گلیوں اور راستوں کو خار تاریں لگا کر مکمل بند کر کے وہاں سکیورٹی تعینات رکھی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس ، سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار سراغ رساں کتوں اور دیگر آلات کے ذریعے اسٹیج اور پنڈال کی وقفے وقفے سے تلاشی لیتے رہے اور جلسے کے آغاز سے قبل کلیئرنس دے کر پی ٹی آئی کی قیادت کو اس سے آگاہ کیا گیا۔

پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے جلسے کے قریب واقع تمام چھتوں پر بھی پولیس اہلکار اور سنائپرز کو تعینات کئے گئے ۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف سمیت دیگر پولیس افسران وقفے وقفے سے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کے لئے دورے کرتے رہے جبکہ پولیس کنٹرول روم کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جاتی رہی ۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مال روڈ کا دورہ کیا جسکے بعد انہوں نے پولیس کنٹرول روم کا دورہ کر کے مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا ۔پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو گورنر ہاؤس کی طرف سے داخل کرایا گیا جبکہ کارکنوں اور دیگر رہنماؤں کے لئے پانچ انٹری پوائنٹس رکھے گئے جو واک تھرو گیٹس سے گزرنے اور جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہوئے ۔ پولیس کے ساتھ پی ٹی ائی کے سینکڑوں رضا کار بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے۔