پنجاب حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کے استحکام کے لئے’’ڈیجیٹل پنجاب مہم‘‘ کا اجرا ء کر دیا

جمعرات 12 مئی 2016 23:00

پنجاب حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کے استحکام کے لئے’’ڈیجیٹل پنجاب مہم‘‘ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء ) پنجاب حکومت نے صوبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لئے ’’ڈیجیٹل پنجاب مہم ‘‘ کے نام سے ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے جس کے لئے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن(P@ASHA) اور پنجاب آئی ٹی بورڈ ملکر کام کریں گے۔

یہ بات پی آئی ٹی بی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ’پاشا‘ کے چیئرمین سید احمد اور صدر محترمہ جہاں آرا ء بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ حکومت ِ پنجاب نے ملک بھر میں انٹرنیٹ پر 20فیصد ٹیکس کی چھوٹ دیکر مثال قائم کی ہے نیز آئی ٹی کی مصنوعات کی برآمدات پر بھی کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتِ تجارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم کو سفارتخانوں کے کمرشل اتاشیوں کے ذریعے بیرونی ممالک میں بھی بھر پور انداز میں چلایا جائے گا۔ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کی آمدنی پر عائد8فیصد ٹیکس کو کم کر کے دو فیصد کی شرح پر لانے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم کی کامیابی کے لئے باقاعدہ پنجاب آئی سی ٹی پالیسی مرتب کی جارہی ہے جو آئی ٹی اندسٹری کے ٹیکس، عالمی منڈیوں میں رسائی، بیرونی سرمایہ کاری کے پنجاب میں فروغ اور انسانی وسائل کی تربیت و ترقی سے متعلق امور کا احاطہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب حکومت میں ای۔گورننس کے فروغ اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کو معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار اداکرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشا ء اﷲ آئندہ پانچ سال میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کا حجم تین ارب ڈالر سے دس ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔قبل ازیں اس حوالے سے پی آئی ٹی بی کے پروگرام ’ٹیک ہب کنکٹ‘ کے زیرِ اہتمام ایک گول میز کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات کے علاوہ پنجاب ریونیو اتھارٹی،پاکستان کی وزارتِ خارجہ و تجارت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

محترمہ جہاں آرا ء نے آئی ٹی انڈسٹری کے لئے کی جانے والی پنجاب اور پی آئی ٹی بی کی قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں اور ملک بھر کی آئی ٹی اندسٹری کے لئے معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ عظیم ڈیجیٹل پاکستان کے حصول کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گول میز کانفرنس کے شرکا ء نے بھی اس اقدام کو بھر پور پر پذیرائی بخشی ہے اورپنجاب میں آئی ٹی کے شعبے کے لئے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ مبذول کرانے میں کافی مدد گارثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :