کینسر کی بروقت تشخیص اس کے موثر علاج اور مریض کی مکمل صحت یابی کیلئے نہایت ضروری ہے

گورنر سندھ عشرت العباد کی جناح اسپتال میں سائیکلوٹرون یونٹ فراہم کرنے والی کمپنی کے نمائندے سے بات چیت

ہفتہ 14 مئی 2016 21:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مئی۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کینسر کی بروقت تشخیص اس کے موثر علاج اور مریض کی مکمل صحت یابی کیلئے نہایت ضروری ہے،وہ ہفتہ کو جناح اسپتال میں جدید ترین سائیکلوٹرون یونٹ فراہم کرنے والی کمپنی کے نمائندے رک ریپن(Mr. Rick Rippen) سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ اوراعجاز مرزا بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ 200 ملین لاگت سے جناح اسپتال کراچی میں لگائی جانے والی اس جدید ترین سہولت سے جسم کے کسی بھی حصہ میں موجود کینسر کی بالکل درست تشخیص ہوسکے گی جس سے اس کا جلد اور موثر علاج ممکن ہوسکے گا۔

انہو ں نے کہا کہ کسی سرکاری اسپتال میں سائیکلوٹرون اور پیٹ اسکین کی سہولت نہ ہونے کی وجہ کینسر کے مریضوں میں اموات کی شرح زیادہ ہے کیونکہ کیموتھراپی اور ریڈی ایشن کے اثرات کینسر زدہ حصہ کے ساتھ ساتھ جسم کے صحت مند حصوں پر بھی ہوتے ہیں جن کے باعث پیچیدگیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سارے مریضوں میں کینسر بالکل آخری اسٹیج میں پتہ چلتا ہے جس کے باعث اس کا علاج ناممکن ہوجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک تحقیق کے مطابق پاکستان میں ہر پانچواں شخص کسی نہ کسی قسم کے کینسر کے خطرے سے دوچار ہے انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں میں کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بڑی وجہ اس بارے میں آگاہی کا نہ ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو اس بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے ذریعہ موثر آگاہی پیدا کی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کو رک ریپن نے بتایا کہ سائیکلوٹرون یونٹ اسٹیٹ آف دی آرٹ یونٹ ہے جوکہ روایتی سائیکلوٹرون کے مقابلہ میں کم جگہ گھیرتا ہے اور اسے استعمال کرنا بہت آسان ہے یہ مریض کی ضرورت کے مطابق ہی ڈائی تیار کرتا ہے جو کہ ضائع نہیں ہوتی، انہوں نے مزید بتایا کہ سائیکلوٹرون یونٹ اس وقت کراچی میں نجی شعبہ کے دو اسپتالوں میں موجود ہے،جبکہ کسی سرکاری اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں، انہوں نے بتایا کہ سائیکلوٹرون یونٹ اس سال جولائی تک جناح اسپتال میں لگادیا جائے گا۔