Live Updates

عمران خان نے اس وقت آف شور کمپنی بنائی جب لوگوں کو ناک صاف کرنا بھی نہیں آتا تھا، سعد رفیق

ہفتہ 28 مئی 2016 14:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں پانامہ لیکس پر پوائنٹ سکورننگ کر رہی ہیں،پانامہ ٹی او آرز پر کسی کو ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں، اپوزیشن نے انصاف لینا ہے ،عمران خان نے اس وقت اپنی آف شور کمپنی بنائی جب لوگوں کو ناک صاف کرنا بھی نہیں آتا تھا،پشاور کے چوہے مارے نہیں جاتے حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں،ہماری ٹانگیں کھینچنے کی بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں، سندھ میں کوئی کام پیسے کے بغیر نہیں ہوتا ، لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کرآصف زرداری کو بددعائیں دیتے ہیں،تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر گالیاں دینے والوں کو شائستہ زبان استعمال کرنی چاہیے،ہمارے منہ میں بھی زبان ہے اور ہمیں بھی جواب دینا آتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں فاروق کالونی گورنمنٹ ہائی سکول توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے اس وقت اپنی آف شور کمپنی بنائی جب لوگوں کو ناک صاف کرنا بھی نہیں آتا تھا،ہم نے اپوزیشن کو تجویز دی کہ آئیں قانون بناتے ہیں مگر وہ قانون صرف پاناما لیکس پر نہیں ہو گا بلکہ اس قانون میں قرضے معاف کرانے والے اور آف شور کمپنیاں بنانے والے بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا مگر انہیں یہ نہیں پتہ کہ پی ٹی آئی نے ایسے امیدوار کھڑے کئے جو گرمی میں باہر بھی نہیں نکل سکتے تھے اور نہ ہی لوگوں کے کام کر سکتے تھے، عمران خان سے پشاور کے چوہے مارے نہیں جاتے مگر وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں،پتہ نہیں یہ لوگ کدھرسے آگئے ہیں جنہیں سیاست کرنانہیں آتی،پچھلے 14سالوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سندھ میں کوئی کام پیسے کے بغیر نہیں ہوتا ، لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کرآصف زرداری کو بددعائیں دیتے ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی کو کرپشن کیخلاف بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے اپنے صوبوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، آصف علی زرداری کے بیٹے سندھ پر توجہ دیں، کراچی کبھی خوبصورت شہر ہوتا تھا مگر اب لاہور اس سے زیادہ خوبصورت شہر بن چکا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نہیں بولتے تو کہتے ہیں کہ یہ گونگے ہیں تاہم ہمارے منہ میں بھی زبان ہے اور ہمیں بھی جواب دینا آتا ہے، تحریک انصاف کے لوگ سوشل میڈیا پر گالیاں دیتے ہیں مگر گالیاں دینے والوں کو شائستہ زبان استعمال کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹانگیں کھینچنے سے بہتر ہے کہ اپنے صوبے پر توجہ دیں اور لوگوں کیلئے ترقیاتی کام کریں ،ایک گھر خراب ہو جائے تو اسے ٹھیک کرنے میں بھی سالوں لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحث برائے بحث سے وقت ضائع ہوتا ہے، ہماری ٹانگیں کھینچنے کی بجائے عمران خان اپنے صوبے پر توجہ دیں، عمران خان خیبرپختونخوا میں ناکام ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو تو اپنے حلقوں کے ووٹرز کے مسائل تک کا بھی نہیں پتہ، 60 سال گزر گئے مگر ان لوگوں کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی، کراچی آپریشن پر ناراض لوگ اپنا غصہ پانامہ لیکس پر نکال رہے ہیں، کچھ سیاسی جماعتیں پانامہ دستاویزات پر پوائنٹ سکورننگ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مصالحت کی پرواہ کئے بغیر کراچی آپریشن جاری رکھیں گے، رینجرز اور فوج کی مدد سے کراچی آپریشن جاری رہے گا، تین سالوں میں ہمارے کسی بھی وزیر پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی، میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، عوام کو گمراہ کرنے والے منصوبوں کے خلاف عدالت کیوں نہیں جاتے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر روز دھماکے ہوتے تھے آج دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے پھر بھی بعض لوگ قوم کو مایوس کرنے کیلئے حقائق بیان نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے قوم کا سرفخر سے بلند کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات