عمرہ پر آنے والوں کی رہنمائی کیلئے انگریزی، فرانسیسی، اردو اور فارسی بولنے والے ایک ہزار سیکورٹی اہل کار تعینات

اتوار 5 جون 2016 19:19

عمرہ پر آنے والوں کی رہنمائی کیلئے انگریزی، فرانسیسی، اردو اور فارسی ..

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) رمضان المبارک کے دوران مسجدالحرام میں زائرین کی خدمت کے لیے ایک ہزار ایسے سیکورٹی اہل کار خصوصی طور پر مقرر کیے گئے ہیں جو چار زبانو ں انگریزی، فرانسیسی، اردو اور فارسی زبان میں بات چیت کر سکتے ہیں-شناخت میں سہولت کے لئے یہ اہل کار اپنی وردی پر نیلے رنگ کااسکارف خصوصی طور پر لگا کر رکھیں گے ۔

رمضان المبارک کے دوران لاکھوں زائرین کی بیک وقت بآسانی آمد ورفت کے لئے مسجد الحرام کے 210دروازے دن رات کھلے رکھے جائیں گے جہاں یونیفارم میں ملبوس600اہلکار گارڈ کے فرائض انجام دیں گے ۔ انتظامیہ نے تمام زائرین اور عبادت گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان محافظین کے ساتھ تعاون کریں جبکہ گارڈز کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ زائرین کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں اور ان کی مہمان نوازی کریں۔

(جاری ہے)

انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ نمازیوں کو راہداریوں اوردروازوں کے پاس نمازاداکرنے سے منع کیا جائے ۔ نمازیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فرض نماز کے فوراً بعد مسجد میں داخلے کی کوشش نہ کریں ۔ نماز جنازہ کے لئے میتوں کو مسجد الحرام کے اندر لانے کے لئے الگ دروازہ مختص کیا گیا ہے جبکہ معذور افراد کے داخلے کے لئے باب السلام ‘المرواء‘قریش‘العباس‘شاہ فہد اور شاہ عبداللہ نامی دروازوں کے علاوہ گیٹ نمبر64‘68‘69‘74‘84‘89‘93اور 94پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جہاں معذور افراد کے لئے لفٹیں اور ایکسلیٹر نصب کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :