ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل اورسی پی او اسرار احمد کا سستے رمضان بازار کا دورہ

بدھ 22 جون 2016 22:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء ) ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل اورسی پی او اسرار احمد نے سستے رمضان بازار کا دورہ کیا- انہوں نے اس موقع پر رمضان بازاروں میں سیکیورٹی ، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں ، اوزان ، پیمانوں اور نرخناموں کی چیکنگ کی -ڈی سی او طلعت محمود گوندل نے کہا کہ سستے رمضان بازار عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے قائم کئے گئے ہیں جہاں شہریوں کو معیاری اشیاء سبسڈی پر دی جا رہی ہیں - انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب رمضان پیکیج کے تحت اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازار میں آٹے کے دس کلو کا تھیلہ 310 روپے کی بجائے 290روپے ، چینی 55روپے فی کلو اور اسی طرح دالوں ، گھی پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے - ڈی سی او نے کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداروں بالخصوص خواتین اور بزرگ شہریوں کے لئے بیٹھنے کے انتظام کے علاوہ پنکھوں ، صفائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے - سی پی او اسرار احمد عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان بازاروں میں ضروری سیکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ شہری پرامن ماحول میں خریداری کر سکیں - انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ذریعے شہریوں کو تمام تر ممکنہ ریلیف فراہم ہو رہا ہے - ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے اس موقع پر مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور نرخناموں ، پیمانوں اور اشیائے صرف کے معیار کو چیک کیا- انہوں نے دکانداروں اور خریداروں سے بھی روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا -