ن لیگ نے دھاندلی کر کے اقتدار حاصل کیا وہ صرف ایک صوبے میں حکومت کر رہی ہے اور بقایا چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا جا رہاہے، مولا بخش چانڈیو

جمعہ 1 جولائی 2016 23:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ن لیگ نے دھاندلی کر کے اقتدار حاصل کیا وہ صرف ایک صوبے میں حکومت کر رہی ہے اور بقایا چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا جا رہاہے یہ طرز حکومت زیادہ نہیں چل سکے گا اور چھوٹے صوبوں کو تمام حقوق دینے ہوں گے، ن لیگ کے ایک وزیر اور ریٹائرڈ حیسکو چیف کی وجہ سے سندھ کی عوام رمضان میں بھی عذاب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

وہ مقامی ہوٹل میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سابق ایم پی اے صغیر احمد قریشی کی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت سندھ کو عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے اسے جو بھی پریشان کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ خود پریشانی میں مبتلا ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سندھ کے عوام کو پانی کی کمی ، ڈرینج کے مسائل سمیت دیگر کئی مسائل در پیش ہیں ہم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شور کر رہے ہیں مگر وفاق سننے کیلئے تیار ہی نہیں، وفاق نے سندھ میں ایک ریٹائرڈ شخص کو حیسکو میں مقرر کیا ہے جو ایک وفاقی وزیر کی کمداری میں مصروف ہے اور اسے رمضان کے بابرکت مہینے میں سندھ کے عوام کا کوئی بھی خیال نہیں ہے شدید گرمی میں لوگ بے ہوش ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے دھاندلی کر کے اقتدار حاصل کیا اور وہ صرف ایک صوبے میں حکومت کر رہی ہے بقیہ چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا جا رہاہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام احتجاج کا حق رکھتے ہیں کیا پنجاب میں بجلی چوری نہیں ہو رہی، انہوں نے میاں محمد نواز شریف کو خبردار کیا کہ آپ کی پارٹی کے صرف چند لوگ آپ سے سچے ہیں باقی سب آپ کے مخالف ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں احتساب جائز ہے اور پنجاب میں احتساب کو گناہ سمجھا جاتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیسکو چیف کو فوری طور پر ہٹا کر سندھ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے ایسا نہ ہو کہ سندھ کے عوام سڑکوں پر نکل آئیں جسے روکنا پھر ہمارے بس میں نہیں ہوگا، اس موقع پر صغیر احمد قریشی ، فیاض شاہ ، عرفان گل مگسی ، قاضی پاشا اور احسان ابڑو ، برکت ببر ، نور النساء ، آفتاب خانزادہ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :