فرانس نے آئس لینڈ کو شکست دے کر یورو کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پیر 4 جولائی 2016 12:04

فرانس نے آئس لینڈ کو شکست دے کر یورو کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پیرس ۔ 4 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جولائی ۔2016ء) میزبان ٹیم فرانس نے یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں آئس لینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، جیروڈ نے دو جبکہ پوگابا، پیئٹ اور گرزمین نے ایک ایک گول کیا۔ تفصیلات کے مطابق یورو 2016 کا چوتھا کوارٹر فائنل پیرس کے معروف سٹیڈیم سٹیڈ ڈی فرانس میں کھیلا گیا جو شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، فرانس کے جیروڈ نے 12 ویں منٹ میں شاندار گول کرکے برتری دلا دی، سات منٹ بعد پوگابا نے فرانس کی جانب سے دوسرا گول کر دیا، پہلے ہاف کے ختم ہونے سے تین منٹ قبل پیئٹ اور گرزمین نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے فرانس کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔

دوسرے ہاف میں آئس لینڈ نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور 56 ویں منٹ میں سگھورتھسن نے گول کرکے فرانس کو حاصل چار گول کی برتری کو تین کر دیا۔

(جاری ہے)

فرنچ ٹیم نے بھی عمدہ کھیل جاری رکھا اور 59 ویں منٹ میں الیور جیروڈ نے فرانس کی جانب سے پانچواں اور ذاتی طور پر دوسرا گول کر دیا۔ آئس لینڈ نے بھی ہمت نہیں ہاری اور 84 ویں منٹ میں جارنسن کے گول کے ذریعے فرانس کی سبقت کو پھر کم کر دیا۔ اس کے بعد مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول سکور نہ کر سکیں اور فرانس نے یہ میچ 5-2 سے جیت کر فائنل فور میں جگہ حاصل کر لی جہاں اس کا مقابلہ عالمی چیمپئن جرمنی سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :