محسن انسانیت کی وفات پر ہندو برادری بھی سکتے میں آ گئی

پاکستان ہندوکونسل نے انسانیت کی خدمت کا درس مرحوم ایدھی سے لیا ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کا لواحقین سے اظہارِ تعزیت#/h#

ہفتہ 9 جولائی 2016 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 جولائی- 2016ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارونکوانی نے معروف سماجی راہنماء عبدالستار ایدھی کے انتقال پر دلی غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اپنے بیان میں ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے انسانیت کیلئے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ہندوباشندے سکتے کے عالم میں ہیں، مرحوم ایدھی صاحب نے ہمیشہ مذہب، قومیت، رنگ نسل سے بالاتر ہوکر دکھی انسانیت کی خدمت کی، پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام ہندو غریب جوڑوں کی اجتماعی شادی کی سالانہ تقریبوں میں ہمیشہ بطور مہمانِ خصوصی حصہ لیا، ہندو بچیوں کا گھر آباد کرنے کیلئے امدادبھی باقاعدگی سے فراہم کرتے رہے، رواں برس وہ خراب صحت کی بناء پر نہ آسکے تو اپنی قریبی عزیزہ کو نمائندگی کیلئے بھیجا، ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی طرز پر ہندوکونسل کی جانب سے ایمبولینس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا درس پاکستان ہندوکونسل نے ایدھی صاحب سے لیا تھا، ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے ہندو باشندوں سے اییصالِ ثواب کیلئے خصوصی پراتھنا کی اپیل کرتے ہوئے ایدھی صاحب کے مشن کو جاری و ساری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

۔