حیسکو کی طرف سے سندھ کے عوام سے زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے عوام شدید پریشان ہیں، پیپلز پارٹی رہنما

پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے زیراہتمام حیدرآباد میں بجلی کی طویل بندش اور حیسکو کی زیادتیوں کے خلاف سپرہائی وے بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا

پیر 11 جولائی 2016 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حیسکو کی طرف سے سندھ کے عوام سے زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے عوام شدید پریشان ہیں، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے حیسکو میں گلو بٹ کا بھائی سی او تعینات کردیا گیا ہے جوکہ عوام پر ظلم کررہا ہے، ٹرانسفارمر اتارے جارہے ہیں جبکہ زائد بلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے زیراہتمام حیدرآباد میں بجلی کی طویل بندش اور حیسکو کی زیادتیوں کے خلاف سپرہائی وے بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کرکے بائی پاس پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی جس کی وجہ سے سپرہائی وے پر کراچی اور پنجاب جانے والا ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین حیسکو حکام اور وفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرے کی قیادت وزیر اعلی سندھ کے مشیر عبدالجبار خان اور سابق صوبائی وزیر زاہد علی بھرگڑی، صنم تالپور، شبانہ خان نے کی، دھرنے میں خواتین بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاق نے سندھ سے زیادتیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے حیدرآباد ضلع کا آدھا سے زائد حصہ بجلی سے محروم ہے، 75 سے زائد گوٹھوں کے ٹرانسفارمر حیسکو کی طرف سے بلاجواز اتار لئے گئے ہیں، کئی گوٹھوں اور علاقوں کی بجلی گذشتہ 6 ماہ سے بند ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے تعصب پرست روئیے کی وجہ سے سندھ کے عوام بہت تکلیف میں ہیں، وفاقی حکومت اپنے لوگوں کے ذریعے سندھ کے عوام پر ظلم کر رہی ہے، حیسکو چیف سمیت دیگر حکام عوام کی دادرسی کرنے کو تیار نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر بجلی کے ایسے بل جاری کئے جا رہے ہیں جو کہ حقائق سے بالکل ہٹ کر ہیں ایک کمرے میں رہنے والا اپنا ماہانہ بل 1 لاکھ روپے کس طرح ادا کرے گا یہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی جارحانہ گفتگو کرکے سندھ کے لوگوں کو وفاقی حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں ان کا یہ رویہ ناقابل فہم ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے اس کے باوجود وہاں بجلی کی بندش نہیں ہے، صرف سندھ کے عوام کے ساتھ معتصبانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حیسکو چیف اختر رندھاوا کو فوری طور پر ہٹایا جائے، بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بلاجواز ٹرانسفارمر اتارنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کو باعزت طریقے سے جینے کا حق دیا جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مظاہرین سے مذاکرات کیلئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ڈویژن قاضی شاہد پرویز پہنچے لیکن مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا کہ حیسکو چیف کو فوری برطرف کیا جائے۔