اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے وفاقی وزیر خزانہ ا سحاق ڈار کی ملاقات

الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری ، ٹی او آرز پر بات چیت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 جولائی 2016 11:42

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے وفاقی وزیر خزانہ ا سحاق ڈار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جولائی 2016ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشیدشاہ میں الیکشن کمیشن اراکین کی تعیناتی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں اسحاق ڈار نے خورشید شاہ سے کہا کہ الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری کے سلسلے میں مشاورت کے لیے میں حاضر ہوں۔

دونوں رہنماﺅں میں اتفاق ہوا کہ باہمی مشاورت اور اتفاق سے الیکشن کمیشن کے اراکین کی جلد تقرری کی جائے گی ۔ ملاقات میں پانامہ لیکس ، ٹی او آرز اور ملک کے سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ٹی او آرز کے معاملے کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر خورشید شاہ نے ان سے سوال کیا کہ میاں صاحب اب کہاں ہیں؟ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میاں صاحب ابھی لاہور میں مقیم ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق دریافت کرنے پر اسحاق ڈار نے انہیں بتایا کہ وزیر اعظم کی صحت اب بہت بہتر ہے، اور یہ کہ انہوں نے ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔دونوں رہنماﺅں کی ملاقات کے بعد ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے مابین موجود ڈیڈ لاک پر پیش رفت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ یہ حکومت کا اپوزیشن سے تیسرا رابطہ ہے۔