اسلام آباد کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں فیسوں کو برقرار رکھا جائے گا ٗطارق فضل چوہدری

میعاری تعلیم تک رسائی ہر بچے کے لئے ممکن بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ٗوزیرمملکت

بدھ 13 جولائی 2016 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء) وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں فیسوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پرائیویٹ سکولوں کے مالکان و نمائندگان کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ، چیئرمین پیرا اور اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ سکول مالکان و نمائندگان کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی سکولوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پچھلے سال فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کے وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد کرنے پر پرائیویٹ سکول مالکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سال فیسوں میں اضافہ کا فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے کیا جائیگا تمام پرائیویٹ سکولوں کو یکم اگست تک فیصلہ سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت کیڈ نے کہا کہ میعاری تعلیم تک رسائی ہر بچے کے لئے ممکن بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کا آغاز سب سے پہلے اسلام آباد کے سرکاری سکولوں سے کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا ماحول مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہیں جس میں بچوں کی میعاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور سکول مالکان بھی خوش اور مطمئن رہیں۔ وزیرمملکت نے سکول نمائندگان کی طرف سے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ ان تجاویز پر غور کیا جائے گا اور قابل عمل تجاویز کو قوائد کا حصہ بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :