سام سنگ کے فلیگ شپ ڈیوائسز گلیکسی ایس 7 اور ایس 7ایج کی فروخت مارچ تا مئی کے تین ماہ کے دوران ایپل آئی فون 6 ایس اور 6 ایس پلس کے مقابلے میں زیادہ

منگل 19 جولائی 2016 22:03

سام سنگ کے فلیگ شپ ڈیوائسز گلیکسی ایس 7 اور ایس 7ایج کی فروخت مارچ تا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جولائی ۔2016ء)دنیا کے سب سے بڑے اسمارٹ فون مینو فیکچرر سام سنگ کے فلیگ شپ ڈیوائسز گلیکسی S7 اور S7ایج کی فروخت مارچ تا مئی کے تین ماہ کے دوران ایپل آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی ہے۔مذکورہ عرصے کے دوران16فیصد صارفین نے گلیکسی S7 اور S7ایج کو ایپل آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس پر ترجیح دی جبکہ محض14.6فیصد لوگوں نے اس عرصے کے دوران ا یپل آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس کی خریداری کی۔

اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ جنوبی کوریا کے اسمارٹ فون مینو فیکچرر کی ایک بڑی کامیابی ہے ،ایپل کے آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس گزشتہ برس ستمبر میں متعارف کرائے گئے تھے جبکہ سام سنگ نے گلیکسی S7 اور S7ایج کو رواں برس مارچ میں پرکشش اور حیرت انگیز ورچوئل رئیلیٹی آفر کے ساتھ متعارف کرایا تھا،تاہم سام سنگ کیلئے بری خبر یہ ہے کہ صارفین کو مطمئن کرنے کے اعتبار سے ایپل88فیصد رینکنگ کے ساتھ کہیں آگے ہے اور ایپل کے صارفین آئی فون کے معاملے میں ایپل کے ساتھ ہی جڑے ہوئے ہیں ،دوسری جانب سام سنگ کے 86فیصد صارفین سام سنگ پر ہی اعتماد برقرار رکھے ہوئے ہیں ،ایپل آئی فون ڈیوائس خریدنے والے14فیصد صارفین اس سے قبل سام سنگ کا استعمال کرتے تھے اور محض 5فیصد افراد ایپل سے سام سنگ کی خریداری کی جانب راغب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس فرق کی بظاہر یہ وجوہات دکھائی دیتی ہیں کہ اب صارفین کے پاس ایپل آئی فون کو کسی دوسرے گوگل اینڈرائیڈ بیسڈ گیجٹ سے تبدیل کرنے کیلئے بے شمار چوائسز موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ چین میں صارفین کی بڑی تعداد سام سنگ یا ایپل کی بجائے ہواوے برانڈ کی خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔سام سنگ کے گلیکسی S7 اور S7ایج کی ایپل آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس سے زیادہ فروخت کے باعث اس بات کے روشن امکانات ہیں کہ جنوبی کورین کمپنی کی آنے والی بڑی ڈیوائس ایپل کی ڈیوائسز کو مات دینے میں کامیاب رہیں۔