مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کراچی میں حساس ادارے کے اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت

منگل 26 جولائی 2016 22:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جولائی ۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں حساس ادارے کے اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری اور موثر آپریشن کا آغاز کیا جائے جو نام بدل کر اب بھی اپنی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا ملک دشمن عناصر کی آنکھوں میں ہر وہ طاقت کھٹکتی ہے جس وطن عزیز کے استحکام اور دفاع میں پیش پیش ہو۔ملکی مفادات کے منافی سرگرم عناصر ماہ رمضان کے دوران جہاد فی سبیل اﷲ کے نام پر سر عام چندے وصول کرتے رہے ہیں۔ حکومت ان افراد سے پوری طرح آگاہ ہے جو ملک کو عدم استحکام کا شکاربنانے کے لیے فرقہ واریت،لسانیت اور نفرتوں کے بیج بونے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

ہر وہ شخص اور جماعت قابل گرفت ہے جو ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے ریاست کے شہریوں کے لیے عدم تحفظ اور امن و امان میں خلل پیدا کرنے کا ذمہ دار ہے۔ان مذموم عناصر کے خلاف کاروائی میں پس وپیش ذمہ داران کی پیشہ وارانہ فرائض سے بد دیانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد قوتوں نے پاکستان کے کاروباری مرکز کراچی کو بد امنی کا شکار کر کے وطن عزیز کو اقتصادی لحاظ سے غیر مستحکم کیا ہے۔وطن عزیز کے استحکام ، سالمیت اور بقا کے لیے دہشت گردوں کی بیخ کنی اولین ضرورت ہے۔علامہ ناصر عباس نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :