پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 28اگست کوہوگا،، امسال56ہزار سے زائد امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردئیے گئے ہیں،صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی سی اوزاور ڈی پی اوز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کریں گے، سینئر میڈیکل پروفیسرز امتحانی مراکز کے انچارج ہوں گے،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل( ر) پروفیسر محمد اسلم

بدھ 24 اگست 2016 16:24

لاہور۔24 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 اگست۔2016ء) وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے میجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 28اگست بروز اتواربیک وقت 13شہروں میں قائم27امتحانی مراکز پرہوگا،جس کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی سی اوزاور ڈی پی اوز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرز امتحانی مراکز کے انچارج ہوں گے ،حکومت اور بیوروکریسی یونیورسٹی کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت نہیں کرتے، ایم بی بی ایس میں داخلوں کے حوالے سے کسی قسم کاکوئی دباؤ نہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کے روزاے پی پی کودئیے گئے خصوصی انٹرویو میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر محمد اسلم نے بتایا کہ امسال56ہزار سے زائد امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردئیے گئے ہیں جن میں سے 36ہزار طالبات اور 20ہزار طلباء شامل ہیں،جن کیلئے صوبے کے 13شہروں میں 27امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل220معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا جس میں کمیسٹری کے 58سوالات، فزکس کے 44سوالات ، انگریزی 30سوالات جبکہ بیالوجی کے 88سوالات ہوں گے، پرچہ حل کرنے کیلئے امیدوار کو اڑھائی گھنٹے کا وقت دیا جائے گاجبکہ تمام امیدواروں کو رجحان اور فیڈ بیک سے متعلقہ سوالات کے جوابات بھی دینے ہوں گے جس کیلئے مزید آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔

وائس چانسلر نے بتایا کہ یو ایچ ایس کی طرف سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق ٹیسٹ صبح9بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدواروں کا صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز میں پہنچنا ضروری ہے کیونکہ سوا آٹھ بجے تمام مراکز سیل کردئیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں انٹری ٹیسٹ کیلئے 7 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لارنس روڈ ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار ویمن سمن آباد اور گورنمنٹ سینٹرل ماڈل سکول لوئر مال کے مراکز شامل ہیں جبکہ لاہور سے تقریباً ساڑھے 16ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔

پروفیسر محمد اسلم نے بتایا کہ صوبہ کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں، اس کے علاوہ صوبے کے 28پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 3700جبکہ12پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 1000 کے قریب نشستیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں،جس کے تحت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز (ڈی سی اوز)کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، تمام مراکزپر واک تھرو گیٹ اور موبائل جیمرز نصب کردئیے گئے ہیں جبکہ ٹیسٹ والے دن تمام مراکز پر دفعہ144نافذ کی جائے گی۔

وائس چانسلر نے بتایا کہ امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے،نیز اس موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام کمشنر اور ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ والے دن امیدواروں کو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہوگی،بینک کی مہر والے درخواست فارم اور رول نمبر سلپ کے کمپیوٹر پرنٹ آؤٹ کے بغیر کسی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ایک سو ال کے جواب میں میجرجنرل(ر) اسلم نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت میڈیکل کالجوں کی نشستیں بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امسال بلوچستان حکومت کی درخواست پر ایک دن کیلئے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ میں پنجاب کے ڈومیسائل کے حامل امیدواروں کیلئے درخواست وصولی کا سینٹر بنایا گیا ہے جو کوئٹہ میں 8اگست کے دھماکے کے باعث انٹری ٹیسٹ کیلئے درخواستیں جمع نہیں کراسکے تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وائس چانسلر یو ایچ ایس نے بتایا کہ حکومت اور بیوروکریسی یونیورسٹی کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت نہیں کرتے جبکہ ایم بی بی ایس میں داخلوں کے حوالے سے ان پر کسی قسم کاکوئی دباؤ بھی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :