سیاستدان احتجاجی پروگراموں اور کنٹینر دھرنوں سے لاہور کا پر امن کاروباری ماحول خراب کرنے سے اجتناب کریں،ملک طاہر جاوید

پیر 29 اگست 2016 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 اگست ۔2016ء) بعض سیاست دان احتجاجی پروگراموں اور کنٹینر دھرنوں سے لاہور کا پر امن کاروباری ماحول خراب کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر بزنس کمیونٹی اپنا لائحہ عمل بنانے پر مجبور ہوگی جو کارو باروں کو نقصان پہنچانے والی جماعتوں کو آئندہ الیکشن میں ووٹ نہ دینے پر منتج ہوسکتا ہے ․ویب کوپ پنجاب کے چیئرمین اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ملک طاہر جاوید نے یہاں پیر کے روزجاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی مسئلہ پر عدالت کا رخ کرنے کے بعد سڑکوں پر کنٹینر کھڑے کرنا عدلیہ پر عدم اعتماد اور اپنی طاقت کے گھمنڈ کا اظہار ہوگا ․اس لیے انہوں نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ پر اعتماد کو متزلزل کرنے والے پروگراموں سے سیاست دانوں کو ہر صورت گریز کرنا چاہئے ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ دوست ملکوں کے اشتراک و تعاون سے زیر تعمیر وتکمیل سی پیک اور اقتصادی خوشحالی کے منصوبوں کو موخر اور خراب کرنے کے لیے نریندر مودی اور الطاف حسین یک زبان و ہم خیال ہو چکے ہیں ․ اس لیے ملک طاہر جاوید نے سیاست دانوں اور ملک کے دیگر طبقات پر زور دیا ہے کہ ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اندرون ملک مضبوط وطن دوست اتحاد بنایا جائے ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ لاہور پنجاب کا دارالحکومت ہی نہیں بلکہ بڑا کاروباری مرکز بھی ہے جہاں ہر روز لاکھوں افراد کو روزگار ملتا ہے ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ سیاست دان کی طرف سے لاہور پر یلغار میں پورا زور لگانے کا مطلب کاروباری مراکز اور غریبوں اور دیہاڑی داروں کے لیے رزق کے سرچشموں کو بند کرانا ہو گا ا جو کسی طور حب الوطنی نہیں ہو سکتی ․انہوں نے کہا ہے کہ چین اور ترکی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان بالخصوص پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اس لیے ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ سیاست دان بے وقت حکومت گرانے کے لیے اپنی توانائیاں اور صلاحیتیں برباد کرنے کی بجائے حکومت اور کاروباری طبقہ کے ساتھ مل کر وطن دوست اتحاد بنایا جائے تاکہ پاکستان کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے

متعلقہ عنوان :