نجی سکول میں موٹروے پولیس افسران کی طرف سے روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

منگل 30 اگست 2016 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران کی طرف سے آج اسلام آباد کے ایک نجی سکول میں روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں طلباء اور طالبات ، اساتذہ اور موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے موٹروے پولیس کے SPOجمیل احمد نے کہا کہ ہم نے ہر قیمت پر نوجوانوں کی زندگیاں بچانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ی ، دوران ڈرائیونگ غیر ذمہ دارانہ رویہ ،لین وائیلیشن کرنا ، ٹریفک سگنل توڑنا ، مقابلہ بازی میں گاڑی دوڑانا، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، سیلٹ بیلٹ کا نہ باندھنا ، دوان ڈرائیونگ نیند اور تھکاوٹ اور سب سے بڑھ کر کم عمری کی ڈرائیونگ کرنا ہمارے رویوں کی عکاس ہے اوریہی غیر ذمہ دارانہ رویے ٹریفک حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔

(جاری ہے)

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک آپ کوڈرائیونگ پر مکمل عبور حاصل نہ ہوں تب تک ہرگز گاڑی یا موٹر سائیکل ڈرائیو نہ کریں ۔ SPOمحمود علی کھوکھر نے کہا کہ َعوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے موٹروے پولیس کے افسران بسوں اورٹرکوں کے اڈوں ، فیکٹریوں، تعلیمی اداروں اور مختلف دفاتر میں جا کر ڈرائیوروں اور عوام کو روڈ سیفٹی سے متعلق لیکچر دے رہیں ہیں اور روڈسیفٹی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے معلوماتی پمفلٹس تقسیم کر رہے ہیں۔

L/SPOعصمت بشیرنے کہا کہ بچوں کے والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے اور روڈ سیفٹی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے معاشرے کے تمام افراد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں۔

اس موقع پر سکو ل کے پرنسپل نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کو بھی روڈ سیفٹی کی آگاہی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انھوں نے موٹروے پولیس کی کا کردگی اور روڈ سیفٹی آگاہی مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کو ایک نیشنل سبجیکٹ کے طور پر لیا جا نا چاہیے ۔ اس موقع پر موٹروے پولیس کے افسران نے طلباء وطالبات سے روڈ سیفٹی سے متعلق مختلف سوالات پوچھے اور درست جواب دینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :