ریپ کیس واپس نہ لینے کی سزا 15 سالہ لڑکی دوبارہ اغواء

بدھ 31 اگست 2016 14:18

ریپ کیس واپس نہ لینے کی سزا 15 سالہ لڑکی دوبارہ اغواء

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں ایک گینگ نے 15 سالہ لڑکی کو ریپ کیس واپس نہ لینے پر سزا کے طور پر گذشتہ 5 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اغواء کرلیا۔ڈسکہ کے ایک گاوٴں سراں والی کی رہائشی مذکورہ لڑکی ایک مزدور کی بیٹی ہے لڑکی کی والدہ کی جانب سے ستراہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق رات کے وقت5 مسلح افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور انھیں اور ان کے اہلخانہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے اغواء اور ریپ کا کیس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق گینگ نے ایک مرتبہ پھر مذکورہ لڑکی کو اغواء کیا اور اہلخانہ کو دھمکی دی کہ وہ وہی سب کچھ دوبارہ دہرائیں گے۔اس سے قبل ستراہ پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 365 (بی) اور 376 کے تحت گینگ کے ایک ملزم کے خلاف اغواء اور ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خاتون کے مطابق وہ پہلے ہی ریپ اور ملزمان کو پکڑنے میں پولیس کی ناکامی پر خوفزدہ تھے اور اب گینگ نے وہی جرم دہرانے کی دھمکی دی ہے۔انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینئر پولیس عہدیداران سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کی گرفتاری اور ان کی بیٹی کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔