فلوریڈا میں کینیڈی خلائی مرکز میں راکٹ لائنچنگ کے دوران دھماکہ-دھماکے کی طاقت نے کئی میل دور واقع عمارتوں کو بھی ہِلا کر رکھ دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 ستمبر 2016 22:10

فلوریڈا(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر۔2016ء) امریکی ریاست فلوریڈا میں کینیڈی خلائی مرکز میں اس وقت دھماکہ ہوا جب ایک ایروسپیس کمپنی سپیس ایکس اپنا نیا راکٹ لانچ کرنے کی تیاری کر رہی تھی۔ابھی تک دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور نہ یہ معلوم ہو سکا ہے کہ آیا اس حادثے میں کوئی زخمی تو نہیں ہوا۔امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ سپیس ایکس راکٹ کو خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہی تھی جس نے اختتام ہفتہ ایک سیٹلائیٹ کو خلا میں لے جانا تھا۔

وہاں سے موصول ہونے والی تصویروں میں دھوئیں کے بڑے بڑے بادل کیپ کاناویرل کمپلکس کے قریب فضا میں بلند ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔دھماکے کی طاقت نے کئی میل دور واقع عمارتوں کو بھی ہِلا کر رکھ دیا۔

(جاری ہے)

مقامی ایمرجنسی اہلکاروں نے حادثے کو ’ٹیسٹ فائر کے موقع پر ہونی والی ایک بڑی تباہی‘ قرار دیا۔بریورڈ کاونٹی ایمرجنسی مینیجمنٹ آفس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خلائی فرم سپیس ایکس اپنے تجربے کے ذریعے دوبارہ استعمال کے قابل راکٹوں اور سستے نجی خلائی سفر کا ایک نیا دور شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کمپنی ایپنے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے سامان بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک پہنچا چکی ہے۔اپریل میں کیلیورنیا میں قائم کمپنی کا فالکن 9 نامی راکٹ کامیابی سے ایک سمندری پلیٹ فارم پر اترا تھا۔ اس سے پہلے کمپنی کی چار کوششیں ناکام رہی تھیں۔