وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے گالا ڈنر میں شرکت، اہم امور پر تبادلہ خیال

پیر 29 اپریل 2024 14:11

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے گالا ڈنر میں شرکت، اہم امور ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔تقریب کے دوران وزیر اعظم نیولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔شہبازشریف نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلی سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کی صحت اور درازی عمر کے لیے اپنی دعاں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم 27 اپریل کو سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں وہ 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں موجود ہیں۔سعودی عرب عالمی اقتصادی فورم کے ایک خصوصی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں عالمی تعاون اور توانائی برائے ترقی پر توجہ دی جارہی ہے۔