وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات، گیٹس فائونڈیشن کیساتھ مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بانی کی پنجاب میں بطور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف

پیر 29 اپریل 2024 14:11

وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات، گیٹس فائونڈیشن کیساتھ مضبوط شراکت داری ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی،بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اس طرز کے پروگرام کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دی جبکہ وزیراعظم نے پاکستان اور گیٹس فائونڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے بل گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے دونوں رہنمائوں نے عالمی اقتصادی فورم کے ایک اعلی سطحی پینل مباحثے میں شرکت کی تھی جس کا عنوان ’’عالمی صحت کے ایجنڈے کی نئی تعریف‘‘تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر بل گیٹس کے تہنیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا،۔ اپنے سابقہ دور حکومت کے دوران بل گیٹس کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور گیٹس فانڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کیلئے بل گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے دیرینہ تعاون پر بی ایم جی ایف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کے لیے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اس طرز عمل کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دی۔

بل گیٹس نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔وزیر اعظم اور بل گیٹس نے پاکستان اور فانڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیٹس فائوفنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے اور آئی ٹی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرتا ہے۔ فروری 2022 کے مسٹر گیٹس کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے انہیں اپنی سہولت کے مطابق دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔