دنیا میں مٹاپے میں پاکستان کا شمار 9نویں نمبر پر ہوتا ہے،دنیا کی 1.7 ارب آبادی مٹاپے کے مرض کا شکار ہے ، ڈاکٹرمسعود جاوید

بدھ 7 ستمبر 2016 22:34

دنیا میں مٹاپے میں پاکستان کا شمار 9نویں نمبر پر ہوتا ہے،دنیا کی 1.7 ارب ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔7 ستمبر ۔2016ء) بین الاقوامی سطح پرمٹاپا تیزی سے پھیلتا ہوا مرض ہے، ہر چوتھا آدمی اس مرض کا شکار ہے،دنیا میں مٹاپے کے مرض میں پاکستان کا شمار 9نویں نمبر پر ہوتا ہے، دنیا کی 1.7 ارب آبادی اس تکلیف کا شکار ہے، پاکستان میں’موٹاپے کے خلاف کوشش اور ویب پورٹل‘ کے ذریعے مٹاپے کے مرض کے خلاف لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔

یہ بات ڈاؤ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر سرجری انچارج لرننگ ڈاکٹرمسعود جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بدھ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے سیمینار روم میں عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ’’موٹاپے کے خلاف کوشش اور ویب پورٹل‘‘ کے موضوع پراپنے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر (بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی) اور ورچؤل ایجوکیشنل پروگرام برائے پاکستان کے باہمی تعاون سے ہوا۔ڈاکٹرمسعود جاوید نے صحت سے متعلق اس ویب پورٹل کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا، انھوں نے کہا یہ ویب پورٹل مٹاپے کا شکار افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا، متعلقہ مرض پر یہ پلیٹ فارم تعلیم و آگاہی فراہم کریگا اورمسائل کے تدارک کے لئے ماہرین و متاثرین کے درمیان ایک تعلق قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ مریضوں اور ان کے وارثین کو ایک دوسرے سے بہتر تعلق رکھنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے، انھوں نے کہا مٹاپے کا مرض دیگر مہلک امراض کی پیدائش کا سبب بھی ہے، جس میں عارضۂ قلب، زیابطیس، فشارخون یا ہائی بلڈپریشر اور بدہضمی وغیرہ جیسے امراض بھی شامل ہیں، انھوں نے کہا مٹاپے کے اسباب میں موروثی عوامل، بسیار خوری، ورزش سے دوری وغیرہ شامل ہیں جبکہ بچپن کا مٹاپا خود ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔

انھوں نے کہا امرض سے بچنے کے لئے لوگ صحتمندانہ طرزِ زندگی اختیار کریں اور فاسٹ فوڈ کے بجائے متوازن غذا استعمال کریں جبکہ جسمانی ورزش کو معمول بنائیں۔

متعلقہ عنوان :