انٹر میڈیٹ کے امتحان میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز کی شاندار کارکردگی

ہر گروپ میں طلبہ کی ماضی کی نسبت نمایاں کارکردگی

جمعہ 9 ستمبر 2016 15:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 ستمبر۔2016ء)انٹر میڈیٹ کے امتحان میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز کی شاندار کارکردگی ہر گروپ میں طلبہ نے ماضی کی نسبت نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ سول سوسائٹی ، ماہر تعلیم ، سیاسی و سماجی اداروں اور شخصیات کا پروفیسر قاضی محمد ابراہیم سابق پرنسپل حال ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز آزاد کشمیر اورکالج کے پرنسپل پروفیسرشوکت رسول پنڈت ، اکیڈمک سٹاف کو مبارکباد کے پیغامات دیئے جارہے ہیں۔

نتائج کی تفصیل کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ کا نتیجہ 81٪ ، جنرل سائنس گروپ کا نتیجہ 76٪، پری میڈیکل گروپ کا نتیجہ 66٪ ، کامرس گروپ کا نتیجہ 60٪ اور آرٹس مضامین کا نتیجہ 40٪ رہا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز میں زیادہ تر کم آمدن والے والدین کے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور نتائج اساتذہ کی کوششوں اور طلبہ کی ذاتی محنت کا ثمر ہیں یہ طلبہ ٹیوشن پر انحصار نہیں کرتے ۔

(جاری ہے)

کالج میں اس امتحان میں چار صد سے زائد طلبہ شریک ہوئے ہیں جو کہ آزاد کشمیر بھر میں کسی بھی تعلیمی ادارہ کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ کالج میں عموماً کم نمبرات کے حامل طلبہ ہی داخلہ لینے آتے ہیں جن کی صلاحیتوں کو کالج اساتذہ سنوارتے ہیں اور پھر یہی طلبہ بہترین نتائج سے کالج کا نام روشن کرتے ہیں۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے بہترین تعلیمی و تدریسی ماحول کی وجہ سے ہی ایسا ممکن ہوا ہے کہ نتائج میں شاندار بہتری آئی ہے۔

گورنمنٹ بوائز کالج مظفرآباد کا قدیمی اور درخشاں روایات کا حامل ادارہ ہے۔ اس ادارے کے طلبہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ نعت خوانی ، حسن قرأت ،کھیلوں اور مباحثوں کے مقابلوں میں بھی اس کالج کے طلبہ کی کارکردگی نمایاں ہے یہی وجہ ہے کہ اب اس ادارہ میں داخل ہونے والے طلبہ کی تعداد سال بہ سال بڑھ رہی ہے۔ اس سال سال اول میں سات سو کے قریب طلبہ ادارہ میں داخل ہوئے ہیں۔ ادارہ میں مختلف شعبہ جات میں طلبہ کی تعداد تین ہزار کے قریب ہے اور یہ مظفرآباد شہر کے اردگرد کی آبادی اور کم آمدن والے شہریوں کے بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔