شہباز شریف نے سی پیک کی مخالفت پر بھارتی وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بیرون ملک جانے والے طلباء و طالبات کو پاکستان کے عظیم سفیر،یوبورن کے اطمینان پر خوشی ’’گھر والے یاد آتے ہیں ‘‘’’ واٹس ایپ یا دیگر ذرائع سے رابطہ رکھیں اور محنت سے چینی زبان سیکھیں‘‘

جمعہ 9 ستمبر 2016 22:28

شہباز شریف نے سی پیک کی مخالفت پر بھارتی وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام ، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور نویں جماعت کے امتحان میں 505 میں سے 500نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران سی پیک کے عظیم الشان منصوبے کی مخالفت پر بھارت کے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اس کی مخالفت میں بعض ممالک کا گٹھ جوڑ ہو رہا ہے لیکن یہ منصوبہ اپنی پوری طاقت سے آگے بڑھے گا اور قیامت تک چلے گاجس میں اربوں ڈالر مزید آئیں گے - وزیر اعلی نے چینی زبان سیکھنے کے لئے بیجنگ جانے والے طلباء و طالبات اور پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک جانے والے طلباء و طالبات کو پاکستان کے عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے یہ بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور سی پیک کے منصوبوں کیلئے ایک پل کا کردار ادا کریں گے - قوم کو ان سے بہت توقعات ہیں اوران پر پنجاب حکومت اخراجات نہیں بلکہ سرمایہ کاری کر رہی ہے - وزیر اعلی نے تقریب کے دوران چین کے قونصل جنرل یوبورن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بار بار ان کا چہرہ دیکھتا رہا کہ شاید یہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے باعث پریشان ہوں کیونکہ چین اس منصوبے کے لئے اربوں روپے دے چکا ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ میرے بہترین دوست یوبورن نے اس بارے ایک لفظ نہیں کہا - جس سے ثابت ہوتا ہے کہ چین کو اس منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے - وزیر اعلی نے بتایا کہ میں اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی زبان سیکھنے والے پاکستانی طلباء و طالبات سے ملا ہوں اور میں نے ان سے کچھ سوالات بھی کئے- یہ بچے انتہائی محنت سے چینی زبان سیکھ رہے ہیں اور جب پاکستان آئیں گے تو دوستی کی منزلیں مزید قریب تر ہوں گی- کچھ بچوں نے مجھے بتایا کہ ہمیں گھر اور امی ابو یاد آتے ہیں ، جس پر میں نے کہا کہ آپ محنت سے چینی زبان سیکھیں اور گھروالوں سے رابطے کیلئے واٹس ایپ یا دیگر جدیدٹیکنالوجی سے رابطہ رکھیں -وزیر اعلی نے لیپ ٹاپ دیتے ہوئے طلباء و طالبات کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بچے اور بچیاں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کرنے جا رہے ہیں اور ان یونیورسٹیوں میں آکسفورڈ، کیمرج، امپیریل یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی سنگا پوراور دیگر صف اول کی یونیورسٹیاں شامل ہیں -