اپنے ملک کا جھنڈا سربلند رکھنے والی قومیں ہی کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں،سید فیصل شاہ

بدھ 21 ستمبر 2016 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21ستمبر ۔2016ء) اپنے ملک کا جھنڈا سربلند رکھنے والی قومیں ہی کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں۔ پاکستان کی حفاظت اور اس کی قدر کریں۔ان خیالات کااظہار دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنیوالے نوجوان سید فیصل شاہ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور کے مطالعاتی دورہ پر آئی گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول،جلوموڑ لاہور کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر صحافی ذوالفقار احمد راحت ، کالم نگار محمد اکرم چودھری، عارف محمود اور سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ سے ہوا۔ سید فیصل شاہ نے کہا کہ میری بچپن سے ہی یہ خواہش تھی کہ پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں سربلند کروں۔

(جاری ہے)

میں 1995-96ء سے پوری دنیا میں گھوم کر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہوں ۔

اسی سلسلے میں جب میں مقدس مقام مسجد اقصیٰ پہنچاتو وہاں مسلمانوں کی حالت دیکھ کر پاکستانی جھنڈے کی اہمیت اور آزادی کی قدر کا اندازہ ہوا۔میں نے وہاں پاکستانی پرچم لہرایا تو فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔ایک فلسطینی ماں نے کہا کہ ہمیں اس جھنڈے سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ میرا پاکستانیوں کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان سے محبت کریں اور اس کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا آج چند عناصر پاکستان کے حوالے سے الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ پاکستان تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔ پاکستانی جھنڈے کا ادب و احترام کریں۔شاہد رشید نے کہا کہ پرچم کسی بھی قسم کی سربلندی کا نشان ہوتا ہے۔پاکستان کا قومی پرچم دراصل پرچمِ اسلام ہے۔ اس کی حفاظت اور اسے سربلند رکھنا ہمارا فرض ہے۔ تحریک پاکستان میں خواتین نے بھی مردوں کے شانہ بشانہ حصہ لیا۔

فاطمہ صغریٰ نامی لڑکی نے سیکرٹریٹ پر پاکستانی جھنڈا لہرایا۔ نئی نسل تعلیم پر توجہ دے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔پروگرام کے آخر میں شاہد رشید نے سید فیصل شاہ کو پروگرام میں شرکت کی یادگاری شیلڈ اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :