وطن عزیز کے چپے چپے کی ہرقیمت پرحفاظت کرینگے۔جنرل راحیل شریف

آرمی چیف کاکھاریاں میں انسداددہشتگردی مرکزکا دورہ،جدید ترین انفراسٹرکچرپرمبنی سنٹرکا افتتاح بھی کیا،پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے دہشتگردی کا شکارملک ہے،پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورعوام کے عزم سے دہشتگردی ختم ہوئی،فوج ہرقسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے بھرپورتیار ہے۔آرمی چیف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 ستمبر 2016 15:57

وطن عزیز کے چپے چپے کی ہرقیمت پرحفاظت کرینگے۔جنرل راحیل شریف

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23ستمبر2016ء) :چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آج کھاریاں میں انسداددہشتگردی مرکز کا دورہ کیا،جنرل راحیل شریف نے انسداددہشتگردی مرکز میں جدید ترین انفراسٹرکچرپر مبنی سنٹرکا افتتاح بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج کھاریاں میں انسداددہشتگردی مرکز کا دورہ کیا۔جہاں پرکورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل عمرفاروق درانی نے آرمی چیف کو بریفنگ دی۔

اب تک 2لاکھ 31ہزار فوجی مذکورہ سنٹر سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔سول آرمڈفورسزاور پولیس کے 3ہزار483افسران نے تربیت حاصل کی۔چین،سعودی عرب،ترکی،بحرین،سری لنکا ،مالدیپ کی فوجی مشقیں بھی اسی سنٹر میں منعقد ہوئیں۔آرمی چیف نے سنٹر میں تربیت کی سہولتوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج ہرقسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیار ہے۔

پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کے عزم سے دہشتگردی ختم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے تعاون سے وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کرینگے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشتگردی کا شکار ملک ہے۔پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر فوج کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔انشاء اللہ ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینگے۔