پشاور میں ہندو اقلیتی برادری کا بھارتی جارحیت کے خلاف پشاور پریس کلب کے قریب احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:44

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) پشاور میں ہندو اقلیتی برادری نے اتوار کو بھارتی جارحیت کے خلاف پشاور پریس کلب کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کا اہتمام پشاور ہندو ویلفیئر کمیٹی نے کیا تھا اور مظاہرین کی قیادت کمیٹی کے سربراہ رام داس نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت اور بھارتی حکومت کے خلاف جبکہ پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے رام داس اور دیگر مظاہرین نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم اور ان کے ساتھیوں کا پاکستان کو نیچا دکھانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے اور پاک فوج بھارتی حکومت کے مکروہ عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو بھارتی عوام کی بھی حمایت حاصل نہیں و ہ ایک جنونی شخص ہے اور اپنے انتہا پسند آقاؤں کی خوشنودی کیلئے جارحیت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور مذاکرات کے زریعے دو طرفہ مسائل حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر نریندر مودی اس کو کسی قسم کی کمزوری سمجھ رہاہے تو یہ اس کی بھول ہے۔

مقررین نے کہا کہ اقلیتی برادری سمیت پاکستان بھر کے عوام دفاع وطن اور دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہیں اور اگر بھارتی وزیر اعظم نے پاک سر زمین کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی غلطی کی تو مودی کو اس کے تباہ کن نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے پاکستان زندہ باد ، راحیل شریف زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد ، نریندر مودی مردہ باداور گو مودی گو کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :