پاکستان کاجنوبی و مغربی ایشیائی ممالک میں تعلیم پر کم ترین خرچ کرنے والے ممالک میں تیسرا نمبر،

حکومت کا قومی اسمبلی میں ملکی تعلیمی نظام میں خامیوں کا اعتراف بنگلہ دیش، بھوٹان، ایران ، مالدیپ ، نیپال اور بھارت پاکستان سے کئی گنا زیادہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں ، تعلیمی نظام میں خامیاں کو دور کرنے کیلئے کا م کر رہے ہیں، 2013میں ملک میں تعلیم کیلئے 520ارب روپے رکھے گئے تھے ، یہ بڑھ کر 2016میں767ارب روپے ہو گئے ہیں،گزشتہ2سالوں میں ریلوے میں مقرر ہدف سے 8.5ارب روپے زیادہ آمدن حاصل کی ، مارچ 2013 میں پی آئی اے کا خسارہ 156.22ارب تھا ، یہ دسمبر2015تک بڑھ کر 255ارب روپے ہو گیا ہے،پی آئی اے کو پریمیئر سروس کیلئے سری لنکا سے مزید دو طیارے رواں ماہ مل جائیں گے قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب، وزیر مملکت تعلیم بلیغ الرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب کے ارکان کے سوالوں کے جواب

پیر 3 اکتوبر 2016 22:24

پاکستان کاجنوبی و مغربی ایشیائی ممالک میں تعلیم پر کم ترین خرچ کرنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء ) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ جنوبی و مغربی ایشیائی ممالک میں پاکستان تعلیم پر جی این پی کا کم ترین خرچ کرنے والے ممالک میں تیسراملک ہے، بنگلہ دیش، بھوٹان، ایران ، مالدیپ ، نیپال اور بھارت پاکستان سے کئی گنا زیادہ اپنے جی این پی کا حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، ملکی تعلیمی نظام میں بہت سی خامیاں ہیں جن کو دور کرنے کیلئے کا م کر رہے ہیں، 2013میں ملک میں تعلیم کیلئے 520ارب روپے رکھے گئے تھے جو بڑھ کر 2016میں767ارب روپے ہو گئے ہیں،گزشتہ2سالوں میں ریلوے میں مقرر ہدف سے 8.5ارب روپے زیادہ آمدن حاصل کی ۔

مارچ 2013 میں پی آئی اے کا خسارہ 156.22ارب تھاجو دسمبر2015تک بڑھ کر 255ارب روپے ہو گیا ہے،پی آئی اے کو پریمیئر سروس کیلئے سری لنکا سے مزید دو طیارے رواں ماہ مل جائیں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کے سوالوں کے جواب وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب، وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان ، پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مریم اورنگزیب نے دئیے۔

رکن نفیسہ عنایت اﷲ خٹک کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا کہ مالی سال 2012-13میں چاروں صوبوں اور وفاق میں 520ارب روپے تعلیم کے لئے مختص کئے گئے جبکہ مالی سال 2015-16میں ملک بھر میں تعلیم کیلئے 767.931ارب روپے مختص کئے گئے جن میں وفاق کی جانب سے 130ارب ، پنجاب کی جانب سے 310.2ارب ، سندھ کی جانب سے 154.787ارب، خیبرپختونخوا کی جانب سے 119.720ارب اور بلوچستان کی جانب سے 52.959ارب روپے مختص کئے گئے ۔

جنوبی و مغربی ایشیائی ممالک میں پاکستان تعلیم پر جی این پی کا کم ترین خرچ کرنے والے ممالک میں تیسراملک ہے، جبکہ بنگلہ دیش، بھوٹان، ایران ، مالدیپ ، نیپال اور بھارت پاکستان سے کئی گنا زیادہ اپنے جی ڈی پی کا حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں ۔ رکن ثریا جتوئی کے سوال میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ 2013میں پی آئی اے کے دفاتر دنیا بھر میں ایسے شہروں میں بھی تھے جہاں پی آئی اے کی کوئی پرواز نہیں جاتی تھی جس کی وجہ سے پی آئی اے کو نقصان برداشت کرنا پڑتا تھا۔

31مارچ 2013تک پی آئی اے کا خسارہ 156.22ارب روپے تھاجو31دسمبر2015تک بڑھ کر 255ارب روپے ہو گیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کی 19ممالک میں پروازیں جاتی ہیں جبکہ سپین ، تھائی لینڈ، اومان اور امریکہ میں پروازیں بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو برطانیہ کے لئے پریمیئر سروس کے لئے سری لنکا سے مزید دو طیارے رواں ماہ مل جائیں گے جو کراچی سے لندن تک براہ راست پروازیں کریں گے ۔

رکن محمد مذمل قریشی کے سوال کے جواب میں وزارت ریلوے کی جانب سے اپنے تحریری جواب میں ایوان کوآگاہ کیا گیا کہ مالی سال 2011-12میں ریلوے کی آمدن 15.44ارب ،2012-13میں 18.069ارب اور مالی سال 2013-14میں 22.8ارب روپے تھی جو بڑھ کر مالی سال 2014-15میں 31.924ارب اور مالی سال 2015-16میں بڑھ کر 36.581ارب ہوگئی ہے ۔ موجودہ دور حکومت میں 2014-15میں 55ریلوے انجن خریدے گئے ۔(رڈ)