آج کا پاکستان معاشی اعتبارسے2013ء سے زیادہ محفوظ ہے۔محمد نوازشریف

تاجربرادری کوملکی معیشت میں‌ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،سی پیک منصوبے سے ترقی کی نئی راہیں کھُلیں گی اورعلاقہ کی قسمت بدل جائیگی۔وزیراعظم کا لاہورمیں تاجروں‌کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 اکتوبر 2016 12:23

آج کا پاکستان معاشی اعتبارسے2013ء سے زیادہ محفوظ ہے۔محمد نوازشریف

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 اکتوبر 2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا، آج کا پاکستان معاشی اعتبار سے زیادہ مضبوط اور 2013ء سے زیادہ محفوظ ہے،سی پیک کے تحت بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

آج گورنر ہاؤس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اتقصادی راہداری سے ملک کے لیے ترقی کی راہیں کھُلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانےسےکاروبار کو خاطر خواہ ترقی ملےگی۔تاجر برادری نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں کہا کہ ٹیکسوں کی شرح کم اور دہرےٹیکس ختم کیےجائیں، علاوہ ازیں اسمگلنگ روکنے کےلیےموثر اقدامات کیےجائیں۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجروں کےمسائل حل کرنے کیلئےمخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ تاجر برادری کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ملاقات میں نےتاجروں کو معیشت کی بحالی کیلئےکئےگئے اقدامات سےآگاہ بھی کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پالیسیوں کی بدولت ہی ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برآمدات بڑھانے کے لیے تاجر برادری پیداواری صلاحیت اور معیار بڑھائے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور آج کا پاکستان معاشی اعتبار سے زیادہ مضبوط اور 2013ء سے زیادہ محفوظ ہے۔

اجلاس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت خرم دستگیر، ممتاز کاروباری شخصیات اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری کی ترغیب کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائیں کیونکہ سہل کاروباری نظام سے مزید سرمایہ کاری آئی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے حکومت سرمایہ کاروں کو سہولت دے گی ۔انہوں نے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتھک محنت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک بڑا منصوبہ ہے جو ملکی خوشحالی کیلئے شروع کیا گیا ہے، چین کی طرف سے 46 ارب ڈالر کی جو سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اس میں 35 ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے جن کی تکمیل سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ سستی بجلی دستیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، بلوچستان میں گوادر بندرگاہ اور گوادر ایئر پورٹ بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کے عوام بھی مستفید ہوں گے اور وہ ذاتی طور پر سی پیک کے منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ راہداری کے منصوبے سے خطہ سے انتہا پسندی، غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ کسی بھی ملک نے پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری نہیں کی۔ ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں کاروباری مواقع کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی معیشت کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں بہترین اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔