تعلیم کے نام پر 541 ملین ڈالر کی عالمی امداد خوردبرد ہوئی ‘:عوامی تحریک کا وائٹ پیپر

ناخواندہ بالغ افراد کی تعداد 49 ملین، 59 فیصد خواتین تعلیم سے محروم، نظام تعلیم 60 سال پرانا،دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں پاکستان کی ایک بھی شامل نہیں،وائٹ پیپر میں 14 تجاویز بھی شامل ،بھوٹان ،مالدیپ تعلیم پر پاکستان سے زیادہ خرچ کرتے ہیں،میلینیم ڈویلپمنٹ گولز کے حصول میں ناکامی،حقائق نامہ صوبائی صدور بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق نے جاری کیا

اتوار 9 اکتوبر 2016 17:05

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء ) پاکستان عوامی تحریک نے تعلیمی شعبہ کی کارکردگی کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی اداروں کے اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں معیاری تعلیم زبوں حالی کا شکار ہے۔ وائٹ پیپر عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق نے جاری کیا۔

وائٹ پیپر کے مطابق تعلیم کے نام پر 541 ملین ڈالر کی عالمی امداد خوردبرد ہوئی۔یونیسکو کے گلوبل ایجوکیشن ڈائجسٹ 2010 کے مطابق پاکستان کو چین اور بھارت کے بعد541 ملین ڈالر کی سب سے بڑی عالمی تعلیمی امداد ملی مگر اس کے باوجود تعلیمی ترقی اور شرح خواندگی کے اشاریے بہتر نہ ہو سکے۔صوبہ میں 9 سو سرکاری سکول، کالج مستقل سربراہوں سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

5 سو زائد سکولوں پر قبضے ہیں۔ صوبے میلینیم ڈویلپمنٹ گولز 2015 ء کا ایک بھی ہدف حاصل نہ کر سکے۔ ان اہداف میں سکول جانے کی عمر کے بچوں کی 100 فیصد انرولمنٹ اول تاپنجم جماعت کے طلبہ کی سو فیصد حاضری اور شرح خواندگی کا ہدف 88فیصد تک بڑھانا شامل تھا۔ وائٹ پیپر کے مطابق جنوبی ایشیاء میں پاکستان تعلیم پر سب سے کم خرچ کرنے والا ملک ہے ۔ بھوٹان جی ڈی پی کا 4.9 فیصد، بھارت 3.9 فیصد، ایران 4.7 فیصد، مالدیپ 8فیصد، ترکی 6فیصد خرچ کرتا ہے جبکہ پاکستان جی ڈی پی کا 2فیصد خرچ کرتا ہے۔

وائٹ پیپر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یونیسکو کی ایجوکیشن فار آل گلوبل مانیٹرنگ رپورٹ 2015 ء کے مطابق 49 ملین بالغ افراد لکھنا پڑھنا نہیں جانتے۔ دنیا کے 6.30 فیصد ناخواندہ بچوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پرائمری سکولوں میں داخل ہونے والے 33فیصد بچے 5ویں جماعت تک پہنچنے سے پہلے سکول چھوڑ جاتے ہیں۔ تعلیم و تربیت کے معیار(سٹینڈرڈ آف ایجوکیشن) کے اعتبار سے پاکستان جنوبی ایشیا میں 123 ویں نمبر پر ہے۔

اقوام متحدہ کی گلوبل ایجوکیشن مانیٹرنگ رپورٹ 2016 ء کے مطابق پاکستان کا سکینڈری ایجوکیشن سسٹم 60سال پرانا ہے۔ دیہات میں لڑکوں میں شرح خواندگی 64فیصد جبکہ لڑکیوں میں یہ شرح 14فیصد ہے۔حقائق نامہ میں کہا گیا کہ بعض ملکی و غیر ملکی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد 25 ملین ہے۔ تاہم مردم شماری نہ ہونے کے باعث ریاست کے پاس اپنے آؤٹ آف سکول بچوں کی حقیقی تعداد دستیاب نہیں۔

وائٹ پیپر کے مطابق عالمی رینکنگ کے حوالے سے پاکستان کی ایک بھی یونیورسٹی دنیا کی بہترین 500 یونیورسٹیوں میں شامل نہیں جبکہ اس میں چین کی 24 اور ترکی کی 5 یونیورسٹیاں شامل ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکمران چین سے اورنج لائن، ترکی سے میٹرو منصوبے لانے کے ساتھ ساتھ ان دوست ممالک کے کامیاب تعلیمی ماڈل کو بھی فالو کریں۔وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اکنامک سروے 2015 ء کے مطابق شرح خواندگی 60فیصد سے کم ہو کر 58 فیصد پر آگئی۔

لاہور جیسے شہر میں 2 لاکھ 90 ہزار بچے سکول نہیں جاتے۔حقائق نامہ میں بتایا گیا کہ نیشنل نیوٹریشن سروے 2015 ء کے مطابق 59.3 فیصد خواتین ناخواندہ ہیں۔ خواتین میں ناخواندگی کی یہ شرح شہروں میں 36.6 اور دیہات میں 69.4 فیصد ہے۔ ادارہ شماریات پنجاب کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں صوبہ میں 75فیصد مسجد، مکتب ،سکول بند ہوئے مگر آبادی میں اضافہ کے باوجود مزید نئے سکول قائم نہیں کیے گئے۔

وائٹ پیپر میں پنجاب میں سرکاری سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کے پروگرام پر بھی کڑی تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ اب تک 5 ہزار سرکاری سکولوں کی عملاً ’’نجکاری ‘‘ہو چکی ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ یہ مسئلہ کا حل نہیں ہے اصل چیلنج پرائیویٹ سکولوں کو ریگولیٹ کرنے کا ہے جس میں حکومت مکمل طور پر فلاپ اور غیر سنجیدہ ہے ۔

وائٹ پیپر میں تعلیمی شعبہ میں بہتری لانے کیلئے 14 تجاویز کو بھی وائٹ پیپر کاحصہ بنایا ہے (1)اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تمام صوبے آئین کے آرٹیکل 25-A کے مطابق 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کریں(2)پرائیویٹ سکولوں کو ریگولیٹ کیا جائے، اساتذہ کی تربیت اور نصابی اصلاحات پر توجہ دی جائے(3)آؤٹ آف سکول بچوں کے حوالے سے مردم شماری کروائی جائے(4)تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے کم از کم 4فیصد تک لایا جائے(5)سکولوں پر قبضے ختم اور تعلیمی اداروں میں مستقل سربراہ مقرر کیے جائیں(6)تعلیم کے ترقیاتی بجٹ کے 100فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے(7)تمام سرکاری سکولوں کو بنیادی سہولتوں کی 100فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے(8)اساتذہ کے مطالبات پورے کیے جائیں تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ درس و تدریس کے فریضہ کو جاری رکھ سکیں(9)مستقل وزرائے تعلیم کے تقرر کو یقینی بنایا جائے(10)اساتذہ سے درس و تدریس کے علاوہ ہر قسم کی ڈیوٹی کو بذریعہ قانون ختم کیا جائے(11)میلینیم ڈویلپمنٹ گولز کے حصول کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کیلئے سپیشل ٹاسک فورس بنائی جائے(12)ملک بھر میں سائنس ٹیچرز کی اسامیاں پر کی جائیں اور عالمی معیار کے مطابق ٹیچنگ میتھڈ اختیار کیا جائے،نصاب کو عصری تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے(13)ملک میں 5سال کیلئے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے(14)تعلیم کے شعبہ کو کرپشن فری بنانے کیلئے زیروٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔

متعلقہ عنوان :