قوم کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے۔ تعلیم کے ذریعے انسانی ترقی میں سرمایہ کاری سے بہتر ترقی اور خوشحالی کا کوئی دوسرا بہتر راستہ نہیں٬ صدر مملکت

بی آئی ایس پی وسیلہ تعلیم اقدام کے تحت 13لاکھ بچوں کے سکولوں میں اندراج کے حوالے سے تقریب

پیر 17 اکتوبر 2016 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ایک قوم کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے۔ تعلیم کے ذریعے انسانی ترقی میں سرمایہ کاری سے بہتر ترقی اور خوشحالی کا کوئی دوسرا بہتر راستہ نہیں ہے۔ بی آئی ایس پی کا وسیلہ تعلیم اقدام معاشرے کے پسماندہ طبقے کو پرائمری تعلیم کی سہولت فراہم کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر انہوں نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر بی آئی ایس پی کے زیر اہتمام سمپوزیم میں وسیلہ تعلیم پروگرام کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کیا۔ سمپوزیم میں وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت٬ بلیغ الرحمن٬ صوبائی وزرائے تعلیم ٬ ڈی ایف آئی ڈی اور عالمی بینک کے نمائندگان٬ بی آئی ایس پی حکام اور مستحقین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان نے غریب بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی اور انکی ٹیم کی قابل قدر کاوشوں کی تعریف کی۔ صدر نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ وسیلہ تعلیم اقدام کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٬وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی٬ ایم این اے ماروی میمن نے کہا کہ پاکستان میں 12ملین بچے سکول نہیں جارہے ہیں جبکہ وسیلہ تعلیم پروگرام نے 1.3ملین بچوں کا سکولوں میں اندارج کرا کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت 5سے 12سال کی عمر کے بچے پرائمری تعلیم کے حصول کیلئے 70%حاضری کی شرط پر 750روپے فی بچہ سہ ماہی بنیادوں پر وصول کرتے ہیں اور اب تک اس مقصد کیلئے 2.14ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے آگاہی اور سماجی تحریک کے مہمات کیلئے صوبوں کو 50,000 بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیوں (BBCs)کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی پیشکش کی اور وسیلہ تعلیم پروگرام کی توسیع کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین تعاون کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔

وسیلہ تعلیم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٬ وزیر مملکت برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ٬ بلیغ الرحمن نے کہا کہ گزشتہ بین الصوبائی وزراء تعلیم کی کانفرنس کے دوران٬ تمام صوبائی وزراء نے بی آئی ایس پی کے وسیلہ تعلیم اقدام کی تعریف کی اور اس کے اضلاع کی تعداد کو 32سے بڑھانے کی تجویز پیش کی۔ وزیر تعلیم آزاد کشمیر افتخار علی گیلانی نے آزاد کشمیر میں 34,185 بچوں کے سکولوں میں اندراج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ عمل آزاد کشمیر کی شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرکے گا۔

وزیر تعلیم بلوچستان عبدالرحیم نے وسیلہ تعلیم اقدام کی تعریف کی اور اس اقدام میں بلوچستان کے تمام اضلاع کو شامل کرنے کی درخواست کی۔ وزیر تعلیم گلگت بلتستان محمد ابراہیم نے کہا کہ وسیلہ تعلیم پرائمری سکولوں میں بچیوں کے اندراج کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ عاطف خان نے کہا کہ تعلیم ترقی کیلئے اہم ہے ۔

انہوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی تربیت کے ذریعے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے اورسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر زوردیا۔ عالمی بینک کے نمائندے Mr Anthony Cholstنے وسیلہ تعلیم پروگرام کو سکول نہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کرنے میں صوبائی حکومت کیساتھ تعاون کرنے پر بہترین اقدام کے طور پر سراہا۔ ڈی ایف آئی ڈی کے نمائندے Ms Judith Herbertson نے بہتر کھپت٬ بچوں کے اسکولوں میں اندارج میں توسیع٬ بہتر صحت اور غذا کی فراہمی میں بی آئی ایس پی کے کردار پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر٬ صدر پاکستان نے وسیلہ تعلیم کے تحت سکول میں داخل مستحقین کے بچوں میں اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے تعلیم جاری رکھنے کیلئے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کی تاکہ یہ اپنے خاندان اور ملک کی بہتری کیلئے ایک موثر کردار ادا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :