وزیراعلیٰ پنجاب سے کینیڈین ہائی کمشنرکی ملاقات٬پاک کینیڈا تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

حکومت پنجاب نے ہر سطح پر میرٹ٬ شفافیت اور اعلیٰ معیار کا کلچر پروان چڑھایا ہے٬ بھٹہ مزدور بچوں کے ہاتھوں میں اینٹ و گارے کی جگہ قلم و کتاب دی گئی ہے٬ 70 ہزار مزدور بچوں کو سکول داخل کرایا گیاہے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے٬ کینیڈین سرمایہ کار صوبے میںبے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘ شہباز شریف

منگل 18 اکتوبر 2016 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنرپیرے کالڈرووڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور٬ پاک کینیڈا تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کینیڈین ہائی کمشنر سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کینیڈا کے مختلف شہروں میں آباد ہے اور کینیڈا میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں جوقومی معیشت کی مضبوطی کے لئے قیمتی زرمبادلہ بھجواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیم٬ صحت٬ توانائی خصوصاً پن بجلی کے منصوبوںکو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیم٬ صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے کئی انقلابی اقدامات کئے ہیں۔

اساتذہ کی تربیت اور نئی نسل کو جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے میں لاکھوں اساتذہ کو صرف اور صرف میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے ہر سطح پر میرٹ٬ شفافیت اور اعلیٰ معیار کا کلچر پروان چڑھایا ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کم وسیلہ ہونہار بچوں اور بچیوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی وائوچر سکیم کے ذریعے لاکھوں بچوں اور بچیوں کو سکول داخل کرایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نئی نسل کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی کو سودمند سرمایہ کاری سمجھتی ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں انتہائی کم وسیلہ بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں۔دانش سکولز میں مفت تعلیم کے ساتھ رہائش و طعام کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کے ہاتھ میں اینٹ و گارے کی جگہ قلم اورکتاب دی گئی ہے۔ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کو وظائف دے کر سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ اب تک 70 ہزار سے زائد بچے سکولوں میں داخل کرائے جا چکے ہیں اور ان بچوں کو یونیفارم٬ کتابیں٬ بیگ اور دیگر اشیاء بھی پنجاب حکومت فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے مستقبل کو چند کوڑیوں کے عوض گروی رکھنے کے ظالمانہ نظام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور اسی لئے پنجاب حکومت نے ورکشاپوں٬ پٹرول پمپوں اور ہوٹلوں سے بھی چائلڈلیبر کے خاتمے کا پروگرام بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان خصوصا پنجاب اور کینیڈا کے مابین کاروباری سرگرمیوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں دونوں ملکوں کو مزید متحرک انداز میں کام کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور کینیڈین سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے بھرپورفائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انتہائی اہم صوبہ اور کینیڈا کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ پنجاب اور کینیڈا کو تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کے مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاںہے۔ لاہور میں کینیڈا کے اعزازی قونصلر سید یاور علی٬ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ٬ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ٬ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔