نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے قیام سے طبی تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع میسر آئیں گے٬ صدر مملکت ممنون حسین کی وائس چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عمران مجید سے گفتگو

بدھ 19 اکتوبر 2016 16:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے قیام سے طبی تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو وائس چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عمران مجید کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کے تعلیم کے شعبے میں مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحت کے شعبے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو زیادہ مراعات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو طبی سہولیات تک رسائی با آسانی میسر ہو۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ معیار تعلیم بہتر کرنے اور ملک بھر میں اس کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کے قیام میں پیش آنے والی مشکلات کے ازالے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔