موسم تبدیل ٬ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے وفا نہ ہوسکے

حکومتی لوڈ شیڈنگ منیجمنٹ پلان بھی بری طرح ناکام

بدھ 19 اکتوبر 2016 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2016ء) موسم میں تبدیلی کے باوجود ملک بھرمیں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے وفا نہ ہوسکے جبکہ حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا لوڈ شیڈنگ منیجمنٹ پلان بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے 23 بڑے شہروں کی لوڈ شیڈنگ فری بنانے اور دیگر علاقوں میں دورانیہ کم کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا گیا تھا اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نئے منیجمنٹ پلان پر جلد عمل درآمد کرلیا جائے گا اجلاس میں ڈسکوز جن کی کارکردگی معیار پر پورا نہیں اترتی تھی ان میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور الیکٹریکل سپلائی کمپنی میں بجلی چوری کے معاملات بڑھ رہے ہیں اور ان کی جانب سے کوئی بھی توجہ نہین دی جارہی جس پر لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کو تبدیل کیا گیا اور نئے چیف ایگزیکٹو کو جو کہ سیکرٹری واٹر اینڈ پاور یونس ڈھاگہ کی مرضی سے تعینات کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا کہ سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف کوئی خاص کارروائیاں نہیں کی جارہی ہیں۔ذرائع کا 23 بڑے شہروں کو لوڈ شیڈنگ فری کرنے میں بھی بجلی چوری کے مسائل شامل ہیں اور اگر ان شہروں کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دے دیا گیا تو لائن لاسز میں اضافہ ہوجائے گا اور ملک میں کام کرنے والی ڈسکوز بھی مالی بحران کا شکار ہوجائیں گی اس لئے ملک میں ایک خاص حد تک لوڈ شیڈنگ کرنا ضروری ہے واضح رہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ایک کمیٹی میٹنگ میں سیکرٹری پانی و بجلی نے خود اعتراف کیا تھا کہ سسٹم کمزوری کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ختم نہیںکی جاسکتی ہے۔ (عابد شاہ/شاہد عباس)

متعلقہ عنوان :