بلوچستان زرعی ترقیاتی منصوبے سے سولہ ہزار گھرانوں کی آمدنی میں بہتری آئی ہے ٬ْ جان گرورک

یوایس ایڈ کو بلوچستان میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکومت٬ مقامی لوگوں اور ایف اے او کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے ٬ْ خطاب

بدھ 19 اکتوبر 2016 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) بین الاقوامی ترقی کے حوالے سے امریکا کے امدادہ ادارہ یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا ہے کہ بلوچستان زرعی ترقیاتی منصوبے سے سولہ ہزار گھرانوں کی آمدنی میں بہتری آئی ہے ۔یہ وہ بدھ کو یہاں ایک مشترکہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ منصوبے کے دائرہ کار میں صوبہ بلوچستان کے آٹھ اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں زرعی ترقیاتی سرگرمیاں شامل تھیں۔

جان گرورک نے کہا کہ یوایس ایڈ کو بلوچستان میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکومت٬ مقامی لوگوں اور ایف اے او کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس منصوبے کے تحت متعلقہ علاقوں میں لوگوں کے روزگار میں زبردست بہتری رونما ہونے پر خوشی ہے۔

(جاری ہے)

یو ایس ایڈ نے اس منصوبے کے ذریعے 826سماجی تنظیمیں قائم کیں ٬جن سے سولہ ہزار گھرانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا٬ اس منصوبے نے مقامی آبادیوں اور کاشتکاروں کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار٬ ان کی فروخت اور آمدن بڑھانے میں مدد دی۔

کاشتکاروں نے جانورپالنے کے نت نئے طریقوں٬ مویشیوں کی بہتر نسلوں ٬ بہتر بیجوں اور پانی کا انتظام و انصرام کرنے کے زیادہ باکفایت طریقوں کے بارے میں سیکھا۔ اس منصوبے سے کاشتکاروں کو مقامی تنظیمیں ٬ منڈی میں کاشتکاروں کے اجتماعات اور اشیاء کی درجہ بندی٬ انھیں ڈبوں میں محفوظ کرکے منڈی میں فروخت کرنے کیلئے باہمی انجمنیں قائم کرنے اور انھیں تربیت فراہم کرنے٬نیز ان اشیاء کو بہتر داموں خریدنے والی منڈیوں کی تلاش میں بھی مدد ملی۔

متعلقہ عنوان :