آبپاش زراعت کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ضلع میں27 کھالوں کی اضافی پختگی کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے ٬چوہدری عبدالحمید

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت اگلے مرحلے کے دوران آبپاش زراعت کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ضلع میں27 کھالوں کی اضافی پختگی کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کیلئے کاشتکاروں کی درخواستوں کی قرعہ اندازی ڈی سی او سلمان غنی کی زیر نگرانی ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں ہوئی۔

ای ڈی اوزراعت چوہدری عبدالحمید٬ڈی اوواٹر مینجمنٹ ڈاکٹر محمد آصف اور محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور درخواست گزار کاشتکار بھی موجود تھے۔ڈی سی او سلمان غنی نے کاشتکاروں کی موجودگی میں درخواستوں کی قرعہ اندازی کی جس میں تحصیل صدر میں10٬جڑانوالہ میں7٬سمندری میں5٬تاندلیانوالہ میں1اور تحصیل چک جھمرہ میں4 کھالوں کی اضافی پختگی کیلئے درخواستیں اہل قرار پائیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ دستیاب نہری پانی کے بہتر اور تکنیکی استعمال سے نہ صرف پانی کی بچت ہوگی بلکہ فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا اس مقصد کیلئے نہری کھالوں کی اضافی پختگی کے وسیع پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہاہے جس میں کاشتکاروں کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کے شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ ضلع کی پانچ تحصیلوں میں کھالوں کی 30 سے 50 فیصد تک اضافی پختگی کیلئے مجموعی طور پر74 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں تحصیل صدرکی 40٬جڑانوالہ کی 18٬سمندری کی 10٬تاندلیانوالہ کی 2 اور چک جھمرہ کی 4درخواستیں شامل تھیں۔انہوں نے بتایا کہ کھالوں کی پختگی کیلئے درکار تمام تعمیراتی سامان کاشتکار خود خریدیں گے جن کی کل لاگت حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ کاشتکار صرف راجوں اور مزدوروں کا خرچہ برداشت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی کا تمام عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :