ڈکیتی ٬ رابری معہ قتل کے مقدمات میں ملوث اشتہاری قاتل ڈکیت گینگ گرفتار ٬لاکھوں روپے مال مسروقہ برآمد

پیر 24 اکتوبر 2016 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) سی آئی اے پولیس نے ٹائون شپ میں دوران ڈکیتی سکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے سمیت٬ اقدام قتل٬ ڈکیتی اورشاہراہ عام پر گن پوانٹ پر لوٹنے جیسی سنگین وارداتوں میں میں ملوث اشتہاری خرم مسیح ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر قتل٬ اقدام قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے سی آئی اے کی سپیشل ٹیمیں دن رات سرگرم عمل ہیں۔

ایس پی سی آئی اے راجہ بشارت محمود نے ڈی ایس پی سی آئی اے صدر انور سعید کنگرہ کی سربراہی میں سی آئی اے نوانکوٹ سب انسپکٹر ارشد محمود اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے اپنی شب روز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قتل ٬ اقدام قتل ٬ ڈکیتی اور شاہراہ عام پر گن پوائنٹ پر لوٹنے کی وارداتیں کرنے والے خرم مسیح ڈکیت گینگ کے سرغنہ خرم اقبال اور اس کے تین ساتھیوں حاکم علی عرف حاکو ٬ شہباز عرف کسو اور کاشف عرف کاشی کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ ٬قتل اوروارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی پہلے ہی پولیس مقابلے میں ہلاک ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

چاروں گرفتار گینگ کے ممبران اشتہاری مجرمان تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان نے 4/5 ماہ قبل ٹائون شپ کالج روڈ میں واقع انعام کارپوریشن میں دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ محمد عارف کو قتل کر دیا تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش 10 سنگین وارداتوں کا بھی اعتراف کیاہے علاوہ ازیں ملزم انتہائی شاطر اور چالاک تھا جو پکڑے جانے کے خوف سے ہر روز اپنا جائے مسکن تبدیل کرتے رہتے تھے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری نے خطرناک ڈکیت گروہ کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :