زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور انٹرلوپ کے اشتراک سے پہلا چار روزہ انٹرورسٹی T20کرکٹ کپ شروع

پیر 24 اکتوبر 2016 23:04

فیصل آباد ۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور انٹرلوپ کے اشتراک سے پہلا چار روزہ انٹرورسٹی T20کرکٹ کپ شروع ہوگیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کرکٹ کپ کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس میں اولمپکس معیارکا سوئمنگ پول‘ چار سکوائش کورٹس ‘ جمنیزیم اور ایک بڑا ایئرکنڈیشنڈملٹی پرپزہال تعمیر کیا جا رہا ہے ۔

چیئرمین سپورٹس بورڈ پروفیسرڈاکٹر محمد اشفاق ‘انٹرلوپ کے کرنل اعجاز ناصر ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس فاروق اقبال کے ہمراہ کھلاڑیوں سے متعارف ہوتے ہوئے انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کو ہدایت کی کہ گرائونڈ کوکرکٹ کے نیشنل سٹیڈیم کے ہم پلہ بنانے کیلئے تجاویز اور پویلین کی تعمیر کیلئے ڈیزائن انہیں بھیجا جائے تاکہ اس کیلئے فنڈنگ کا اہتمام کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ٹی 20کرکٹ کپ میں شہر بھر سے نصف درجن ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ پہلے روز دو میچ منعقد ہوئے جن میں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد نے میونسپل ڈگری کالج عبداللہ پور کی ٹیم کو 61رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی نے پنجاب میڈیکل کالج کے خلاف 4رنز سے کامیابی حاصل کی۔ کل دو میچ کھیلے جائیں گے پہلا میچ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اورمیونسپل ڈگری کالج عبداللہ پور کے مابین صبح نو بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ ساڑھے بارہ بجے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور نیشنل ٹیکسائل یونیورسٹی کے مابین کھیلا جائے گا۔

یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام کرکٹ اکیڈمی میں انٹرورسٹی ٹی 20کپ منعقد ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی والی ٹیموں میںزرعی یونیورسٹی فیصل آباد‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد‘ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی‘ پنجاب میڈیکل کالج‘ میونسپل ڈگری کالج جڑانوالہ روڈ اور گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :