دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ہیلتھ سائنسز کیمپس میں نئی طالبات کیلئے اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد

پیر 24 اکتوبر 2016 23:07

فیصل آباد۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں مختلف شعبوں میں داخلہ لینے والی نئی طالبات کیلئے اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبد المجید٬ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید ٬ ڈین فیکلٹی آف فارما سیوٹیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فقیر حسین ٬ کنٹرولر امتحانات حامد نوازشیخ٬ ایڈیشنل رجسٹرار مس زاہدہ مقبول اوردیگر مختلف شعبوں کے ہیڈز ٬ فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر عبد المجید و دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے اپنے خطابات کے دوران طالبات کویونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں مدینہ فائونڈیشن کے زیر انتظام دی یونیورسٹی آف فیصل آباد ٬ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کا لج اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال سمیت مختلف رفاہی منصوبوں کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی اپنے سٹیٹ آف دی آرٹ انفرا سٹرکچر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ و تجربہ کار فیکلٹی ممبران کیساتھ مختلف شعبوں میں طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بہترین مواقع نہائت موزوں ماحول میں فراہم کر ر ہی ہے۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی میں طالبات کیلئے دینی تعلیم و تربیت اور انہیںہم نصابی صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے بھی بہترین مواقع وماحول میسر ہے۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد ملک و قوم کی خدمت کر نے کا عزم کریں اور اس مقصد کیلئے انہیں اپنی تمام تر صلاحیتیوں کو حصول علم کیلئے وقف کرنا ہوگا۔