وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کی اجازت ضروری ہوتی ہے، بغیر اجازت ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری غیر قانونی ہے لہٰذا انہیں فوری رہا کیا جائے۔سید خورشید شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 31 اکتوبر 2016 21:02

وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31اکتوبر۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔سید خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کی اجازت ضروری ہوتی ہے، بغیر اجازت ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری غیر قانونی ہے لہٰذا انہیں فوری رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا راستہ روک کر خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ ملک چار اکائیوں پر مشتمل ہے اور ہر اکائی کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، جبکہ حکومت تمام ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر دھونس اور ہٹ دھرمی سے کام لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ ہمیشہ اپنے آپ کو اصول پسندی اور ایمانداری کا چمپئن گردانتے ہیں، ان کی یہ اصول پسندی اب کہاں ہے جب خواتین کی سرعام تذلیل کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں کنٹینر رکھ کر عوام کی آمد و رفت کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، بتایا جائے کہ یہ سب کس قانون کے تحت ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر اس عمل کی مخالفت کریں گے جو قانون کی بجائے ہٹ دھرمی پر مبنی ہو، ایسے اقدامات سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔