Live Updates

تونسہ شریف میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار زخمی

15 سے 20 دہشت گردوں نے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا، حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔ پولیس حکام

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 10:31

تونسہ شریف میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار زخمی
تونسہ شریف ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2024ء ) تونسہ شریف میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا سے ملحقہ علاقے وہوا میں قائم جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملہ میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ شریف منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے دہشت گردوں کا جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا ہے، دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، اس مقصد کے لیے 15 سے 20 دہشت گردوں نے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا، حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تونسہ شریف کی نواحی جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے، وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے زخمی اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ادھر بہاولپورمیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زیرحراست 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کے نام سے کی گئی ہے، فائرنگ کے دوران سی ٹی ڈی ٹیم بھی بال بال بچ گئی، دونوں دہشت گردوں کو حاصل پور سے ایک قتل کی تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا انہیں بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں دہشت گردوں کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات