میوہسپتال لاہور میں اے ایم ایس کی جانب سے آئوٹ ڈور کھولنے کی کوشش پر ینگ ڈاکٹرز نے جھگڑا شروع کردیا

ڈاکٹرز نے ہسپتال کی ایمرجنسی بھی بند کر دی، مریض اور ان کے لواحقین پریشان

بدھ 9 نومبر 2016 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) میوہسپتال لاہور میں اے ایم ایس کی جانب سے آئوٹ ڈور کھولنے کی کوشش پر ینگ ڈاکٹرز نے جھگڑا شروع کردیا، ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب کے سب سے بڑے ہسپتال کی ایمرجنسی بھی بند کر دی، مریض اور ان کے لواحقین پریشان ہوتے اور زاروقطار روتے رہے۔ویرانی، پریشانی، آہ و بکا کے مناظر پنجاب کے سب سے بڑے میوہسپتال لاہور کی ایمرجنسی کے ہیں جو ہر وقت چلتی رہتی ہے، پنجاب بھر سے مریض حادثات و بیماری کی صورت میں یہاں علاج کیلئے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کی وجہ سے دو ہفتے سے آوٹ ڈور بند ہے، اے ایم ایس ڈاکٹر طارق نے پستول تھامے اسے کھولنے کی کوشش کی تو ینگ ڈاکٹرز نے ہاتھا پائی شروع کر دی اور ایمرجنسی بندکرا دی، مریضوں اور لواحقین کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا، ایمرجنسی خالی ہوگئی اور مریض دربدر ہوگئے۔اس صورتحال پر ایم ایس میوہسپتال لاہور نے خود ایمرجنسی کا چارج سنبھال لیا، سینئر ڈاکٹرز کو بلا کرانتہائی نگہداشت وارڈ میں مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی شروع کروا دی۔مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ایسے مسیحائوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ مریضوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔ (ایم سلیمان)

متعلقہ عنوان :