نوجوان طبقہ کو کاروبار شروع کرنے کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرضے فراہم کئے جائیں گے تاکہ بے روزگاری کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا سکے

سکیم میں شامل تمام بینکوں کے ڈیٹا کو بروقت اپ ڈیٹ کیا جائے، تشہیری مہم شروع کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان کا سٹیٹ بینک کی وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کی ٹیم کے ساتھ اجلاس سے خطاب

بدھ 23 نومبر 2016 18:11

نوجوان طبقہ کو کاروبار شروع کرنے کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے کہا ہے کہ نوجوان طبقہ کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرضے فراہم کئے جائیں گے تاکہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم (پی ایم وائی بی ایل) کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے اور عوام کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سکیم میں شامل تمام بینکوں کی شراکت سے تشہیری مہم شروع کی جائے گی تاکہ عوام کو آگاہی فراہم کی جا سکے کہ نیشنل بینک آف پاکستان کے علاوہ دیگر مختلف 16 بینکوں سے بھی قرضہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کی ٹیم کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران چیئرپرسن نے کہا کہ سکیم میں شامل تمام بینکوں کے ڈیٹا کو بروقت اپ ڈیٹ کرنے کے اقدام کو یقینی بنایا جائے تاکہ سٹیٹ بینک کو سکیم کے تحت جاری کردہ قرضے، درخواستوں کی وصولی اور ان پر عملدرآمد کے حوالہ سے درست اعداد و شمار تک رسائی حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

پی ایم وائی بی ایل سکیم کے تحت اس وقت فراہم کردہ قرضوں کا 93 فیصد حصہ نیشنل بینک آف پاکستان فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگر بینکوں کا حصہ 7 فیصد کے قریب ہے۔ پی ایم وائی بی ایل سکیم کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے سٹیٹ بینک کے حکام کو ہدایت کی کہ سکیم کے تحت قرض کے حصول کیلئے جمع کرائی جانے والی درخواستوں پر فزیبلٹی کے مطابق قرض کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ کو حقیقی معنوں میں شروع کرکے کامیاب بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنے منصوبہ کے تحت 20 لاکھ قرض چاہتا ہے ہو تو کم ادائیگی کے باعث اس کاروبار کو کامیاب بنانے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کو ہدایت کی کہ سکیم میں شامل بینکوں کی باہمی شراکت داری سے تشہیری مہم شروع کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ قرض کے حصول کے حوالہ سے عوام کو زیادہ سے زیادہ معلومات دی جا سکیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سکیم میں شامل تمام بینکوں کے ڈیٹا کو بروقت اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ مرکزی بینک کو سکیم کے حوالہ سے ہر طرح کی درست معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :